رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کا مزید دو کروز میزائلوں کا تجربہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شمالی کوریا نے منگل کی صبح دو کروز میزائلوں کاتجربہ کیاہے۔ جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق پیانگ یانگ کی جانب سے یہ اس سال کا پانچواں میزائل تجربہ تھا۔

جنوبی کوریا کی ژان ہپ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ میزائل اندرون ملک سے فائر کیے گئے جو کوریا کے مشرقی ساحل کے قریب سمندر میں جا گرے۔

جنوبی کوریا کی فوج نے وائس آف امریکہ کو بھیجے گئے ایک پیغام میں میزائل داغے جانے کی تصدیق کرتےہوئے کہا ہے کہ حکام ابھی اس کا تفیصلی جائزہ لے رہے ہیں۔

اس سال اب تک شمالی کوریا نے پانچ الگ الگ مواقع پر کل آٹھ میزائل داغے ہیں۔ گزشتہ ہفتے شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق شمالی کوریا پر کسی بھی فاصلے تک مار کرنےوالے میز ائل کے تجربے سمیت کسی بھی بیلسٹک میزائل کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ تاہم، قرارداد میں کروز میزائل کے تجربات پر پابندی نہیں۔

شمالی کوریا نے حال ہی میں امریکہ کی مبینہ مخاصمانہ پالیسی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، اور خصوصی طور پر جنوبی کوریا کے ساتھ امریکہ کے فوجی تعاون کامسئلہ اٹھایا ہے۔

امریکہ کے اٹھائیس ہزار فوجی جنوبی کوریا میں ہیں۔ انیس سو پچاس کی کوریائی جنگ کسی امن معاہدے کے بجائے جنگ بندی پر ختم ہوئی تھی۔

جوبائیڈن انتظامیہ کے ماتحت واشگنٹن نے شمالی کوریاکے ساتھ بغیر کسی پیشگی شرط کے بات چیت پر آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے پیر کوایک بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ہمیں اس مسئلے کو مزید آگے بڑھانے کےضرورت نہیں۔

کربی نے شمالی کوریا کے جوہری عزائم اور بیلسٹک میزائل کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے پرامریکی تشویش کا اعادہ کی۔ اور کہا کہ ہم اس کی مسلسل مذمت کرتے رہتے ہیں اور شمالی کوریا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان اشتعال انگیزیوں کو روکے اور بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری کرے اور کشیدگی کو کم کرنے کے طریقے تلاش کرنے کی کوشش کرے۔

XS
SM
MD
LG