رسائی کے لنکس

نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، بھارت کی حکمرانی برقرار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت نے آسٹریلیا کو ہوم سیریز میں 1-2 سے شکست دے کر عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا لی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے پیر کو نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق بھارت ایک پوائنٹ کے اضافے کے بعد 268 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے جب کہ انگلینڈ 261 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقہ 258 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 258 ہے۔

ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف پے درپے دو شکستوں کے بعد پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ کی پہلی پوزیشن سے محروم ہو گئی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے اور چوتھے نمبر پر موجود انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان سات میچز کی سیریز 2-2 سے برابر ہے۔

اگر پاکستان یہ سیریز 3-4 سے بھی اپنے نام کرتا ہے تو اس صورت میں وہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لے گا۔ اگر انگلینڈ تین میچز میں سے ایک میچ میں بھی کامیابی حاصل کرلیتا ہے تو اس کی دوسری پوزیشن برقرار رہے گی۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ کے پاس اپنی پوزیشن بہتر کرنے کا سنہری موقع ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم بھارت کے خلاف رواں ہفتے تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 252 پوائنٹس کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہے۔ کین ولیمسن کی قیادت میں کیویز ٹیم آئندہ ماہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں پر مشتمل سہ فریقی سیریز کھیلے گی۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کا رینکنگ میں چھٹا نمبر ہے اور اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے سے قبل آسٹریلوی ٹیم ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف تین تین میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت آسٹریلوی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 250 ہے۔

XS
SM
MD
LG