رسائی کے لنکس

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کا تیسرا روز: پاکستان کی دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 39 رنز


ایڈیلیڈ ٹیسٹ کا تیسرا روز پاکستان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ ایک جانب وہ کوشش کے باوجود فالو آن سے نہ بچ سکا تو دوسری اننگز میں بھی اس کے تین کھلاڑی بہت کم اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے اسے ابھی بھی 248 رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی مشکلات میں گھر گئی۔پہلی اننگز میں پوری ٹیم آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں صرف 302 رنز ہی بناسکی۔ آسٹریلیا کو 287 رنز کی برتری حاصل ہوئی جس کے سبب پاکستان کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

اننگز کا آغاز شان مسعود اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق رنز کا کھاتہ کھولے بغیر ہی ہیزل وڈ کا شکار ہوگئے۔ ہیزل نے انہیں ایل بی ڈبلیو کیا۔

امام الحق کی جگہ اظہرعلی نے لی لیکن وہ بھی صرف 9 رنز ہی بناسکے اور مچل اسٹارک نے انہیں بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

یزل نے اس بار بابر اعظم کو بھی جلد ہی آؤٹ کرلیا۔ وہ صرف 8 رنز ہی بناپائے۔ رہی سہی کمی بار بار ہونے والی بارش نے پوری کردی جس کے سبب میچ کو دو بار روکنا پڑا یوں تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان 3 وکٹ کے نقصان پر 39 رنز ہی بناسکا۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں تیسرے روز آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم 97 اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم نروس 97 کا شکار ہوئے۔ انہیں مچل اسٹارک نے وکٹ کے پیچھے کیچ کرایا۔​

تاہم یاسر شاہ نے بالر ہونے کے باوجود سب سے زیادہ 113 رنز اسکور کیے اور اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ انہوں نے تیرہ چوکے لگائے۔​ محمد عباس 29 اور محمد موسیٰ 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 6، پیٹ کمنز نے 3 اور ہیزل وڈ نے ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل ہفتے کو دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر96 رنز بنالیے تھے۔

امام الحق 2، کپتان اظہرعلی9، شان مسعود 19، اسد شفیق 9، افتخار احمد 10 رنز بناکر جب کہ محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔بابراعظم اور یاسر شاہ کی بیٹنگ جاری تھی کہ 35 اوورز میں 6 وکٹس اور 96 رنز پر دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔

کھیل کے دوسرے روز ہی آسٹریلیا نے پہلی اننگزمیں 3 وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی جس میں ڈیوڈ وانر کے ناقابل شکست 335 اور مارنس لبوشینے کے 162 رنز شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG