رسائی کے لنکس

ایڈیلیڈ ٹیسٹ: صرف 96 رنز پر 6 پاکستانی کھلاڑی آؤٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں 96 رنز بنائے جبکہ اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز ڈیکلیئر کرنے کے بعد جب پاکستانی کھلاڑیوں نے بلے بازی کا آغاز کیا تو ایک بار پھر بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی آؤٹ ہوتا چلا گیا۔

پاکستان کا پہلا کھلاڑی پانچویں اوور میں صرف تین رنز کے مجموعے پر پولین واپس لوٹ گیا جب امام الحق 16 گیندوں پر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کے کپتان اظہر علی بیٹنگ کرنے آئے تاہم وہ 12ویں اوور میں صرف 9 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 22 رنز تھا۔ ان کے بعد بابر اعظم میدان میں کھیلنے کے لیے میدان میں آئے جو دن کا کھیل ختم ہونے تک کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 17ویں اوور میں 38 رنز پر گری جب اوپنر شان مسعود 50 گیندوں پر 19 رنز بنا کر پولین واپس لوٹے ان کو ہیزل ووڈ کی گیند پر پائن نے کیچ کیا۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسد شفیق تھے جنہوں نے 14 گیندوں پر 9 رنز بنائے۔ وہ 69 کے مجموعی اسکور پر 24ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔

افتخار احمد 26 گیندوں پر 10 رنز بنا کر 89 کے مجموعی اسکور پر 32 ویں اوور میں اسٹارک کا شکار ہوئے ان کو بھی وکٹ کے پیچھے پائن نے کیچ کیا۔

پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے ان کو بھی اسٹارک نے آؤٹ کیا۔ وہ 3 گیندوں پر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 35 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا نے چونکہ پہلی اننگز 589 رنز بنا کر 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر ڈکلیئر کر دی تھی اس لیے ابھی بھی آسٹریلیا کو 493 رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان کی صرف 4 وکٹیں باقی ہیں۔

قبل ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اور میتھیو ویڈ کریز پر موجود ہیں۔ کھیل کے دوسرے روز بھی پاکستان کے بولرز کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

دوسرے دن پاکستان کی ٹیم دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ مارنس لابوشانگ 162 رنز اور اسٹیو اسمتھ 36 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد عباس اور امام الحق کی واپسی ہوئی ہے جب کہ فاسٹ بالر محمد موسیٰ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔

سلیکٹرز نے پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ، مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل اور فاسٹ بالر عمران خان کو آرام دیا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کپتان اظہر علی، شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، اسد شفیق، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور محمد موسیٰ جب کہ آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے برسبین میں کھیلے گئے پہلے میچ آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست دے دی تھی۔

XS
SM
MD
LG