رسائی کے لنکس

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے میں تین اہلکار ہلاک


یہ حملہ ایک ایسے وقت میں سیکیورٹی فورسز پر کیا گیا کہ صرف ایک روز پہلے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید  باجوہ نے پنجگور سے متصل اضلاع تربت اور گوادر کا دورہ کیا تھا۔

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نا معلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے فرنٹیر کور کے ایک أفسر سمیت تین اہل کاروں کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا، واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ضلع پنجگور کے لیویز حکام کے بقول فرنٹیر کور بلوچستان کے اہل کار واشک اور پنجگور اضلاع کے سرحدی علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کے بعد واپس پنجگور جارہے تھے کہ راستے میں شُنگر کے علاقے میں پہلے سے تا ک میں بیٹھے ہوئے مسلح افراد نے ایف سی کی گاڑیوں پر اندھا دُھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر ایک گاڑی میں سوار لیفٹیننٹ کرنل عامر وحید ،لانس نائیک مسعود اور سپاہی عرفان شہید جبکہ کرنل شجا ع اللہ ،حوالدار الرحمن اور سپاہی سعود شديد زخمی ہو گئے۔

نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر پنجگور کے مقامی اسپتال پہنچا دیا گیا ۔واقعہ کے بعد فرنٹیر کور بلوچستان اور لیویز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے نامعلوم دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

اس واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم کی طرف سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم اس سے پہلے پنجگور، تر بت، گوادر کے اضلاع میں ہونے والے بیشتر پُر تشدد واقعات کی ذمہ داری بلوچ عسکری تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔

وزیر أعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر داخلہ أحسن اقبال، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ءاللہ زہری نے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہاہے کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے دہشت گرد سی پیک کو نا کام نہیں بنا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مرتکب افراد کا قبر وں تک پیچھا کریں گی ۔

، فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی ار کے مطابق فوج کے سربراہ نے وہاں قبائلی عمائدین سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ بلوچستان کی سلامتی اور ترقی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ریاست کے تمام اداروں کو اس سلسلے میں فوج کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔

ضلع پنجگور، تربت اور گوادر میں اس سے پہلے بھی نا معلوم مسلح افراد سیکیورٹی فورسز پولیس اور لیویز کے اہل کاروں کو نشانہ بنا چکے ہیں جس میں کئی بار جانی اور مالی نقصانات بھی ہوئے ہیں۔

گذشتہ پیر کی رات کو بھی نامعلوم مسلح افراد نے پنجگور میں لیویز تھانے پر حملہ کیا تھا جس سے عمارت کو نقصان پہنچا تھا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اُدھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں بارودی سُرنگ کے ایک دھماکے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد شديد زخمی ہو گئے جن کو مقامی اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے داخل کر دیاگیا۔

XS
SM
MD
LG