رسائی کے لنکس

دہلی فسادات پر ممبئی کے فلمی ستارے بھی بول اٹھے


بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ چند روز سے جاری پرتشدد واقعات اور جلاؤ گھیراؤ کو روکنے کی غرض سے بالی وڈ کی متعدد شخصیات میدان میں آگئی ہیں۔

ان شخصیات میں نغمہ نگار جاوید اختر، گلوکارہ ریکھا بھردواج، ڈائریکٹر وشال بھردواج، شروتی سیٹھ، فلم ساز ہنسل مہتا، مزاحیہ فنکار ویر داس اور دیگر شامل ہیں۔

ان شخصیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے عوام سے نئی دہلی میں جاری پرتشدد واقعات، جلاؤ گھیراؤ اور جھڑپیں روکنے کی اپیل کی ہے۔

اداکارہ شروتی سیٹھ نے ٹوئٹ کیا ہے کہ میرے ملک کو جلنے سے روکیں۔

گلوکارہ سونا مہاپترا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دہلی فسادات قابل نفرت، ناگوار اور دل دہلا دینے والی کہانیوں کو جنم دے رہے ہیں۔۔ یہ وہ ہندوستان تو نہیں جو ہم بنانا چاہتے تھے۔

ریکھا بھردواج نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں امن کی دعائیں کررہی ہوں، میں کسی معجزے کی منتظر ہوں۔ دردناک تشدد کی خبریں مایوس کن ہیں۔

ہنسل مہتا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مظاہرین فساد نہیں چاہتے۔

وشال بھردواج نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جو لوگ انڈے اور مچھلی کو ہاتھ لگانا گناہ سمجھتے ہیں ان کے ہاتھ خون میں رنگے ہیں۔ اس وقت ملک میں جو کچھ ہورہا ہے وہ بدترین ہے۔

بالی وڈ سے وابستہ شخصیات نے صورتِ حال کو پریشان کُن قرار دیتے ہوئے حکومت سے حالات فوری طور پر معمول میں لانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

نغمہ نگار جاوید اختر کا کہنا ہے کہ دہلی میں تشدد بڑھ رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں یہ فضا پیدا کرنے کی کوشش ہو رہی کہ اس تمام صورتِ حال کے ذمہ دار شہریت بل کے خلاف سراپا احتجاج مظاہرین ہیں۔

سوارا بھاسکر نے عام آدمی پارٹی سے کہا کہ وہ ٹویٹ کے علاوہ بھی کچھ کریں۔

اسی طرح دیگر بالی وڈ شخصیات نے بھی دہلی میں امن امان قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔ جن میں ویر داس، نکھل ایڈوانی، انوبھو سنہا وغیرہ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG