رسائی کے لنکس

'مسلمانوں کو مسجد کی نہیں، اچھے اسکولوں کی ضرورت ہے'


سلیم خان اپنے بیٹے سلمان خان کے ہمراہ۔ (فائل فوٹو)
سلیم خان اپنے بیٹے سلمان خان کے ہمراہ۔ (فائل فوٹو)

بھارت کی فلم نگری کے نامور مصنف اور بالی وڈ اداکار سلمان خان کے والد سلیم خان نے کہا ہے کہ بھارتی مسلمانوں کو مسجد کی نہیں، اچھے اسکولوں کی ضرورت ہے۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ایودھیا میں بابری مسجد کی زمین کو سپریم کورٹ کی جانب سے ہندوؤں کے حوالے کرنے سے متعلق فیصلے پر اپنے رد عمل میں کیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے 'آئی اے این ایس' کے مطابق سلیم خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایودھیا میں مسجد کی تعمیر کے لیے مجوزہ 5 ایکڑ اراضی پر ایک اسکول تعمیر کیا جانا چاہیے تاکہ مسلمانوں کو تعلیم دی جاسکے۔

ماضی کی بالی وڈ فلموں کے لیجنڈری مصنف کا کہنا تھا کہ اسلام محبت اور معاف کرنے کا درس دیتا ہے لہذا مسلمانوں کو ایودھیا تنازع کے بعد انہی دو اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ پرانی باتوں کو بھلا کر آگے بڑھیں۔

سلیم خان 70 کی دہائی کے مشہور فلمی مصنف ہیں جنہوں نے جاوید اختر کے ساتھ مل کر متعدد کامیاب ترین فلمیں لکھیں۔ خاص کر بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن کی اداکاری سے سجی ایک درجن سے زائد فلمیں اُنہی کے قلم سے نکلی ہیں۔

ایک فلم کی ریلیز کے موقع پر سلیم خان اور سلمان خان
ایک فلم کی ریلیز کے موقع پر سلیم خان اور سلمان خان

سلیم خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں میں بھارتی معاشرے کی سوچ میں پختگی آگئی ہے۔ ایودھیا جیسے حساس فیصلے کے بعد جس طرح کا امن و ہم آہنگی برقرار ہے وہ قابل تحسین ہے۔

اُن کے بقول، "ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرنا ہوگا۔ ایک دیرینہ اور حساس تنازع طے پاگیا ہے اور میں اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔"

سلیم خان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو اب ایودھیا تنازع پر تبادلہ خیال نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس کے بجائے بنیادی مسائل پر غور و فکر کرتے ہوئے اُنہیں حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اچھے اسکولوں اور اسپتالوں کی ضرورت ہے اس لیے میں تجویز کر رہا ہوں کہ مسجد کے لیے مجوزہ پانچ ایکڑ اراضی پر اسکول یا کالج تعمیر کیا جائے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مسجدیں تو پہلے ہی بہت ہیں۔ پھر نماز تو کہیں بھی پڑھی جاسکتی ہے چاہے ٹرین میں پڑھیں، جہاز میں، گھر، مدرسے، میدان، سڑک، فرش یا کسی اور مقام پر۔ اس لیے ہمیں بہتر اسکولوں کی زیادہ ضرورت ہے تاکہ تعلیم سے 22 کروڑ مسلمانوں کی محرومیاں دور ہوں۔

سلیم خان نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم مودی امن کے لیے کوشاں ہیں، میں ان سے اتفاق کرتا ہوں، آج ہمیں واقعی امن کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG