رسائی کے لنکس

برطانیہ کے سبزی خور پانچ پاؤنڈ کے نئے نوٹ پر برہم


برطانیہ کا پانچ پاؤںد کا نیا پلاسٹک کرنسی نوٹ
برطانیہ کا پانچ پاؤںد کا نیا پلاسٹک کرنسی نوٹ

چینج ڈاٹ اورگ کے ویب سائٹ پر ایک پٹیشن میں بینک آف انگلینڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوٹوں کی تیاری میں جانوروں کی مصنوعات کا استعمال بند کرے۔ اس مطالبے کی حمایت میں جمعے تک ایک لاکھ 23 ہزار سے زیادہ لوگوں نے دستخط کئے ہیں۔

برطانیہ کی نئی پلاسٹک کرنسی میں جانوروں کی چربی کے استعمال کی خبر نے سبزی خوروں اور صرف نباتات پر مبنی غذائیں کھانے والوں میں غم وغصے کو جنم دیا ہے.

گوشت سے اجتناب کرنے والے لوگوں نے بینک آف انگلینڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہ پلاسٹک کرنسی بنانے کے عمل کو تبدیل کرے کیونکہ اس میں جانوروں کی چربی استعمال کی گئی ہے اور یہ برطانیہ میں رہنے والے لاکھوں ہندوؤں ،سکھوں اور جین کمیونٹی سے تعلق رکھنے والوں کے لیے ناقابل قبول ہے۔

پانچ پاؤنڈ کے نئے پلاسٹک کے نوٹوں میں چربی کی موجودگی کا انکشاف اس وقت ہوا جب بینک آف انگلینڈ نے ایک ٹویٹ کا جواب دیا تھا جس میں یہ پوچھا گیا تھا کہ کیا نئے پالیمر نوٹوں میں جانوروں کے مخصوص حصے کی چربی 'ٹالو' استعمال ہوئی ہے۔

ٹالو (جانوروں کے گردے کی اطراف کی چربی ) ہے جو عام طور پر گائے سے حاصل ہوتی ہے البتہ اسے دوسرے جانوروں بھیٹر، بکرے ،دنبے سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے.

بینک آف انگلینڈ نے عوامی طور پوچھے جانے والے اس سوال کی وضاحت کرتے ہوئے منگل کو اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ''ہم تصدیق کرتے ہیں کہ نیا نوٹ پالیمر پر چھپا ہوا ہے، جس میں جانوروں کی چربی سے حاصل ہونے والا مادہ ٹالو شامل ہے اور یہ مادہ بڑے پیمانے پر موم بتیوں اور صابن کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ''

اس خبر پر سبزی خور اور ویگن کمیونٹی کی طرف سے منگل کو سوشل میڈیا پر شدید رد عمل سامنے آیا خاص طور پر ٹوئیٹر پر نئے نوٹ کی سخت الفاظ میں مخالفت کی گئی ہے۔

ٹوئیٹر کے ایک صارف نے لکھا کہ ہو سکتا ہے کہ نئے نوٹ میں چربی کی معمولی سی مقدار شامل ہو لیکن اس بارے میں ہمیں مطلع نہیں کیا گیا اور ہم پر اسے ٹھونسا گیا ہے اور اس کے استعمال پر مجبور کیا گیا ہے۔

چینج ڈاٹ اورگ کے ویب سائٹ پر ڈالی گئی ایک پٹیشن میں درخواست گزار ڈگ مو نے بینک آف انگلینڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوٹوں کی تیاری میں جانوروں کی مصنوعات کا استعمال بند کرے کیونکہ یہ کرنسی ہمیں استعمال کرنی ہے۔ اس مطالبے کی حمایت میں جمعے تک ایک لاکھ 23 ہزار سے زیادہ لوگوں نے دستخط کئے ہیں۔

لیسٹر مرکری کے مطابق برطانیہ میں ہندوؤں کی سب سے بڑی آبادی کے شہر لیسٹر میں نئے نوٹ میں چربی کے انکشاف پر تشویش پائی جاتی ہے ۔شہر کے سب سے بڑے مندر سری سانتان مندر کی کمیٹی پلاسٹک کے نوٹوں پر پابندی پر بھی غور کررہی ہے، جبکہ ہندو برادری کے ارکان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پانچ پاونو کا نوٹ مندر کے عطیات میں جمع نہ کرائیں۔

ہندو سماج مندر شیفیلڈ کی وائس چیرمین مسسز دیبھا شاندار نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ میری ہندو کمیونٹی کے بہت سے لوگوں سے بات ہوئی ہےجو پانچ پاؤنڈ کے نئے نوٹ کو قبول کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کررہے ہیں۔ تاہم اس مسئلے کے بارے میں مندر کی کمیٹی کی طرف سے میٹنگ کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے اپنی ذاتی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ جب آپ بیرون ملک رہتے ہیں تو آپ اس ملک کے قاعدے اور قوانین پر عمل کرنے کے پابند ہوتے ہیں اور اگر آپ اپنی دنیا سے باہر نکل کر دیکھیں تو آپ کو انداز ہوگا کہ دنیا میں کتنے لوگ بھوکے ہیں اور ہم یہاں معمولی سی باتوں پر جھگڑا کررہے ہیں۔

لندن میں ہنسلو سے تعلق رکھنے والے ہندو سماج مندر کے سابق عہدیدار مکیش سہگل نے وی او اے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس خبر نے ہندو برداری میں غم و غصہ پیدا کیا ہے ۔ ہم میں سے بہت سے لوگ ناراض ہیں کیونکہ ہندو عقیدے کے اہم اخلاقی اصولوں میں سے ایک اہنسا ہے۔ ہمارے بہت سے لوگ سبزی خور ہیں اور جانوروں کو نقصان پہنچانے پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔

بینک آف انگلینڈ نے پالیمر بنک نوٹ کے حوالے سے جمعرات کو ٹوئیٹر پر اپنا ایک بیان جاری کیا ہے۔ بینک کا کہنا ہے کہ ہم اپنے پانچ پاؤنڈ کے نوٹ میں چربی کے استعمال کے بارے میں کچھ لوگوں کی تشویش سے آگاہ ہیں۔ ہم ان کے خدشات کا احترام کرتے ہیں اور انتہائی سنجیدگی کے ساتھ اسے حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں''۔

بینک کا کہنا ہے کہ ''یہ مسئلہ ابھی ہمارے علم میں آیا ہے اور بینک اس بارے میں نہیں جانتا تھا جب معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے''۔

بینک کا مزید کہنا ہے کہ سپلائر انوویا اور اس کے سپلائی چین کی طرف سے حال ہی میں حاصل ہونے والی معلومات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ چربی کی انتہائی معمولی مقدار کرنسی کی پیداوار کے عمل کے ابتدائی مرحلے میں استعمال ہوتی ہے۔ جبکہ انوویا اب اس مسئلے پر سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے اور بینک کو ممکنہ حل کی طرف پیش رفت پر باخبر رکھے گی۔''

برطانیہ نے ستمبر کے مہینے میں پہلا پلاسٹک کا نوٹ پانچ پاؤنڈ مالیت کا جاری کیا تھا جس پر برطانیہ کے سابق وزیر اعظم سر ونسٹن چرچل کی تصویر ہے۔ جبکہ بینک آف انگلینڈ نے اعلان کے مطابق اگلے سال دس اور بیس پاؤنڈ کے نوٹ بھی پالیمر پر چھاپیں جائیں گے۔

پلاسٹک سے بنے نوٹوں کے بارے میں بینک آف انگلینڈ کا کہنا ہے کہ کاغذ کے نوٹ کے مقابلے میں یہ زیادہ صاف و شفاف ہیں اور ہر پلاسٹک کے نوٹ کی عمر کا غذ کے نوٹ کے مقابلے میں دوگنی ہوگی کیونکہ یہ کاغذ کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔

XS
SM
MD
LG