رسائی کے لنکس

پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی تیاری مکمل


اس سے قبل 31 اکتوبر اور 19 نومبر کو پنجاب اور صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں دو مراحل میں انتخابات ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے دو صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پنجاب کے بارہ اور سندھ کے چھ اضلاع میں پولنگ ہفتے کو ہو گی۔ ان اضلاع میں انتخابی مہم جمعرات کی شب ختم ہو گئی۔

پنجاب کے جن اضلاع میں ہفتے کو پولنگ ہو گی ان میں راولپنڈی، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، جھنگ، راجن پور، مظفر گڑھ، رحیم یار خان اور لیہ شامل ہیں۔ دوسری جانب سندھ میں کراچی کے چھ اضلاع میں پولنگ کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے دو بڑے صوبوں پنجاب اور سندھ میں تین مرحلوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل 31 اکتوبر اور 19 نومبر کو پنجاب اور صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں دو مراحل میں انتخابات ہو چکے ہیں۔

پہلے اور دوسرے مراحل میں پنجاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے علاوہ آزاد امیدواروں کا پلہ بھاری رہا جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔

پنجاب میں پہلے مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی غیر متاثر کن رہی مگر دوسرے مرحلے میں اس میں کچھ بہتری دیکھی گئی۔

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ایک مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے جمعہ کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی اصلاحات کے لیے اُن کی جماعت تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہشمند ہے۔

’’دھاندلی تو نہیں ثابت ہوئی مگر مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ آپ (پی ٹی آئی) پارلیمان میں آ کر بیٹھیں۔ آپ کے ارکان 33 رکنی کمیٹی میں آ کر بیٹھیں تاکہ ہم 2018ء کے انتخابات کو اور شفاف بنائیں۔‘‘

تحریک انصاف کا موقف ہے اُسے راولپنڈی اور ملتان میں قابل ذکر کامیابی کی امید ہے۔ 2013ء کے انتخابات میں ’پی ٹی آئی‘ نے راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی دو نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ملتان سے اپنی نشست پر مسلسل کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنے علاقے میں انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔

کراچی کی ایک بااثر سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ اُسے اب بھی شہریوں کی حمایت حاصل ہے جس کا اظہار اُس کے بقول انتخابات کے تیسرے مرحلے کے نتائج سے واضح ہو جائے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف اور جماعت اسلامی مل کر کراچی میں انتخابات لڑ رہی ہیں اور دونوں جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں سراج الحق اور عمران خان نے مل کر کراچی میں ایک ریلی کی قیادت بھی کی۔

تیسرے مرحلے کے لیے بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پہلے ہی انتخابات کرائے جا چکے ہیں جبکہ رواں ہفتے اسلام آباد میں بھی پہلی مرتبہ بلدیاتی انتخابات کروائے گئے۔

اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آگے رہی جب کہ معمولی فرق سے پاکستان تحریک انصاف نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG