رسائی کے لنکس

طیارے کا حادثہ پائلٹ کی ممکنہ غلطی ہو سکتی ہے: روسی ٹی وی


تباہ ہونے والے طیارے کے ملبے کا ایک حصہ
تباہ ہونے والے طیارے کے ملبے کا ایک حصہ

رپورٹ میں کہا گیا کہ پائلٹ نے ممکنہ طور پر غلطی سے طیارے کو کنٹرول کرنے والے خود کار نظام کو چلا دیا تھا۔

ایک روسی ٹیلی ویژن چینل روسیاون نے گزشتہ ہفتے جنوبی روس میں گرکر تباہ ہونے والے طیارے کے ہوابازوں کی طرف سے کہے گئے آخری الفاظ کا متن جاری کیا ہے۔

ٹی وی نے کہا کہ ان کی طرف سے جاری کیے گئے متن کو سرکاری خیال نا کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ہوابازوں کو تیز ہواؤں کا سامنا تھا اوران کا طیارے پر کنٹرول بھی ختم ہو گیا جبکہ طیارے کے خود کار نظام کے بند ہونے کے بعد یہ طیارہ روستوف اون ڈون میں زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔

طیارے پر سوار تمام 62 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ہوابازوں کی گفتگو کے متن کے مطابق ایک پائلٹ یہ کہتا ہے کہ "پریشان نا ہوں" جبکہ اس کے کچھ ہی سیکنڈ کے بعد پائلٹ یہ کہتے ہوئے سنائی دیتا ہے "یہ نا کریں"۔ جبکہ ریکارڈ کیے گئے آخری الفاظ میں کئی بار " (طیارےکو) اوپر اٹھانے" کا کہا گیا۔

رپورٹ میں ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا جب طیارے کے خود کار نظام کو بند کردیا گیا تو طیارے کو مستحکم رکھنے والا ایک پرکام کرنا شروع کر دیتا ہے جس کی وجہ سے طیارہ" ہواباز کے کنٹرول پینل کے تحت کام نہیں کرتا ہے"۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پائلٹ نے ممکنہ طور پر غلطی سے طیارے کو کنٹرول کرنے والے خود کار نظام کو چلا دیا تھا۔

روسی تفتیش کار اس حادثے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ جمعرات کو ان تفتیش کاروں نے کہا تھا کہ اس حادثے کی پہلی ابتدائی رپورٹ کو آئندہ دو ہفتوں میں جاری کر دیا جائے گا۔

فلائی دبئی کمپنی کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے پانچ سالہ پرانے طیارے کا ایک سال قبل مرمت کے لیے تفصیلی معائنہ کیا گیا تھا اور 19 مارچ کو ہونے والا حادثہ اس کمپنی کی سات سالہ تاریخ کا پہلا مہلک حادثہ تھا۔

XS
SM
MD
LG