رسائی کے لنکس

ٹوکیو اولمپکس پابندیوں کی فضا میں ہوں گے


ٹوکیو میں اولمپکس کے علامتی دائروں کے قریب کچھ لوگ خوش گپیاں کر رہے ہیں۔ 23 جون 2021
ٹوکیو میں اولمپکس کے علامتی دائروں کے قریب کچھ لوگ خوش گپیاں کر رہے ہیں۔ 23 جون 2021

ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے ملک میں کرونا کی صورت حال کے پیش نظر کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد گھٹا کر 10 ہزار تک محدود کر دی ہے۔ جب کہ غیر ملکی شائقین کو آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

اولمپکس دیکھنے کے لیے آنے والوں کے لیے بدھ کے روز قواعد و ضوابط کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت شائقین کو تالیاں بجانے، رومال یا کپٹرے لہرانے، تصاویر کے لیے کھلاڑیوں کے قریب جانے یا وہاں موجود دوسرے شائقین سے بات چیت سے منع کیا گیا ہے۔

شائقین سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اولمپکس میں اپنے پسندیدہ ایونٹ دیکھنے کے بعد وہ سیدھے گھر واپس جائیں۔

غیر ملکی شائقین کو اولمپکس دیکھنے کے لیے ٹوکیو آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورت حال کے پیش نظرشائقین کے لیے دستیاب نشستوں کے مقابلے میں نصف تعداد کو اجازت دی جا رہی ہے تاکہ وہ ایک دوسرے سے فاصلہ قائم رکھ سکیں۔

اولمپکس مقابلے ٹوکیو کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
اولمپکس مقابلے ٹوکیو کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

دوسری جانب صحت کے ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ دارالحکومت ٹوکیو اور ملک کے دیگر حصوں میں کووڈ-19 کی صورت حال میں محفوظ ترین انداز یہ ہو گا کہ کسی کو بھی ان مقابلو ں کے دیکھنے کے لیے سٹیڈیم جانے نہ دیا جائے جب کہ ملک بھر میں پہلے ہی سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جو 11 جولائی تک نافذ رہیں گی۔ اولمپکس مقابلے 23 جولائی سے شروع ہو کر 8 – اگست تک جاری رہیں گے۔

جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہی دے سوگا نے انتباہ کیا ہے کہ اگر ملک میں کرونا وائرس کی صورت حال میں ابتری آئی تو وہ کسی کو بھی اولمپکس دیکھنے کے لیے جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

جاپان میں بڑے پیمانے پر لوگوں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
جاپان میں بڑے پیمانے پر لوگوں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

جاپان میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تازہ ترین پابندیاں اپریل میں لگائی گئی تھیں جن میں مئی کے آخر میں توسیع کر دی گئی تھی۔ کرونا انفکشن کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد اولمپکس منعقد کرانے کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئیں اور طبی ماہرین کے ایک گروپ نے وزیر اعظم سوگا پر زور دیا کہ وہ فی الحال اولمپکس بند کروا دیں۔

ٹوکیو اولمپکس گزشتہ سال منعقد ہونا تھے مگر انہیں عالمی وبا کے باعث ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

جاپان میں کرونا وائرس سے اب تک 7 لاکھ 88 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 14 ہزار کے قریب ہے۔

XS
SM
MD
LG