رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کے باوجود اولمپکس مقررہ وقت پر ہوں گے، بین الاقوامی کمیٹی کا فیصلہ


ٹوکیو میں نصب اولمپکس کے پانچ دائروں پر مبنی علامتی نشان کے قریب سکیورٹی اہل کار دکھائی دے رہے ہیں۔ 18 مئی 2021
ٹوکیو میں نصب اولمپکس کے پانچ دائروں پر مبنی علامتی نشان کے قریب سکیورٹی اہل کار دکھائی دے رہے ہیں۔ 18 مئی 2021

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے نائب صدر نے کہا ہے کہ ٹوکیو اور جاپان کے دوسرے علاقوں میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ملک میں نافذ ایمرجنسی کے باوجود ٹوکیو اولمپکس اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے نائب صدر جان کوٹس، ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کے انچارج بھی ہیں۔ یہ مقابلے شروع ہونے میں اب محض دو ماہ باقی رہ گئے ہیں۔

ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین کے ساتھ تین روز ورچوئل میٹنگز کے بعد جان کوٹس نے بتایا کہ ان بین الاقوامی مقابلوں کا آغاز 23 جولائی کو ہو گا۔

اولمپک کمیٹی کے نائب صدر جان کوٹس ورچوئل میٹنگ میں ٹی وی سکرین پر دکھائی دے رہیں جب کہ بائیں جانب ٹوکیو اولمپکس سی ای او توشیرو موٹو ہیں اور دائیں طرف ٹوکیو گیمز 2020 کے صدر سیکو ہاشی موتو ہیں۔ 21 مئی 2021
اولمپک کمیٹی کے نائب صدر جان کوٹس ورچوئل میٹنگ میں ٹی وی سکرین پر دکھائی دے رہیں جب کہ بائیں جانب ٹوکیو اولمپکس سی ای او توشیرو موٹو ہیں اور دائیں طرف ٹوکیو گیمز 2020 کے صدر سیکو ہاشی موتو ہیں۔ 21 مئی 2021

ان کا کہنا تھا کہ اگر مقامی طبی ماہرین نے اولمپکس نہ کروانے کا مشورہ دیا تو بھی یہ بین الاقوامی مقابلے اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل درآمد کے پیش نظر انہیں یقین ہے کہ ٹوکیو میں اولمپکس کے منتظمین نے جو اقدامات کیے ہیں وہ تسلی بخش ہیں اور صحت کے حوالے سے کھلاڑیوں کے تحفظ اور کھیلوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

اس سلسلے میں کرائے گئے رائے عامہ کے حالیہ جائزے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ 60 سے 80 فی صد تک جاپانی ٹوکیو میں اولمپکس کرانے کے مخالف ہیں۔

کوٹس کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے جاپان میں ویکسین کی مکمل خوراکیں حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا، اولمپکس منعقد کرانے کے متعلق جاپانیوں کی رائے میں بھی تبدیلی آئے گی۔

جاپان میں اس وقت تک ویکسین کی مکمل خوراکیں حاصل کرنے والوں کی تعداد دو فی صد کے لگ بھگ ہے۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ٹوکیو کے ساحل پر تعمیر کی جانے والی اولمپک بستی کے 80 فی صد سے زیادہ رہائشیوں کو ویکسین لگ چکی ہوگی اور وہ عمومی طور پر عام لوگوں سے رابطے میں نہیں آئیں گے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں تقریباً 11 ہزار کھلاڑی شریک ہوں گے جب کہ اگست میں ہونے والے پیرا اولمپکس میں مزید 4400 کھلاڑی آئیں گے۔

تاہم، بین الاقوامی شائقین کو وہاں آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

XS
SM
MD
LG