نیویارک میں سال نو کے موقع پر سڑک کے دو الگ الگ حادثوں میں پانچ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئےہیں۔ پولیس ان دونوں واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پانچ افراد اس وقت ہلاک ہو ئے جب نیویارک سٹی پارک وے پر ان کی کار حادثے کا شکار ہو گئی۔
پیر کی صبح چھ بجے ایک مزدا کار، بروکلین برج پر، ایک اور گاڑی سے ٹکرا گئی۔ نیویارک پولیس کے مطابق کار میں سوار پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
جائے حادثہ کی تصاویر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کار سڑک پر الٹ گئی تھی۔
دوسری گاڑی کا ڈرائیور حادثے میں زخمی ہوا جسے اسپتال پہنچا دیا گیا۔ اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی گئی ہے۔
پولیس نے فوری طور پر ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ پولیس نے بتایا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں۔
تیزرفتار گاڑی کی فوڈ ٹرک سے ٹکر میں سات افراد زخمی
ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک اور رپورٹ کے مطابق نیویارک میں ایک تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ کر ایک فوڈ ٹرک سے ٹکرا گئی جس کی زد میں آ کر 7 راہگیر زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ نیویارک کے مصروف ترین کاروباری حصے مین ہیٹن میں پیش آیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ مین ہیٹن کے مڈٹاؤن علاقے میں، فٹ پاتھ پر گاڑی چڑھنے اور فوڈ ٹرک سے ٹکرانے کی وجہ سے ایک 39 سالہ خاتون فوڈ ٹرک کے نیچے پھنس گئی جب کہ مزید چھ راہگیر زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج معالجے کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔
زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بیان کی گئی ہے۔
نیویارک کے پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں فوڈ ٹرک کا ڈرائیور اور ایک پولیس افسر بھی زخمی ہوئے اور انہیں مرہم پٹی کے لیے اسپتال لے جانا پڑا۔
یہ حادثہ اس وقت ہوا جب مین ہیٹن کے شمالی حصے میں نئے سال کی آمد کے موقع پر ہونے والی انتہائی پرہجوم کو ختم ہوئے دو گھنٹے سے بھی کم وقت ہوا تھا۔
ٹائم اسکوائر میں ہونے والی اس تقریب کو دیکھنے کے لیے تقریباً ایک درجن بلاکس لوگوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت پین اسٹشن کے قریب واقع 33 ویں ویسٹ سٹریٹ اور سیون ایونیو کے چوک پر پولیس افسر ایک ممکنہ جرم روکنے کی کوشش کر رہے تھے اور ایک گاڑی کے اندر ہونے والے جھگڑے سے نمٹ رہے تھے کہ اچانک ایک 44 سالہ ڈرائیور، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، اپنی گاڑی کو کئی گاڑیوں سے ٹکراتا ہوتا، تیز رفتاری سے فٹ پاتھ پر چڑھ گیا اور ایک فوڈ ٹرک کو ٹکر مار دی۔
پولیس نے حادثے کے مقام سے کئی بلاکس کے فاصلے پرجا کر ڈرائیور کو پکڑ لیا۔
(اس خبر کی تفصیلات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)
فورم