رسائی کے لنکس

عامرخان کوبھی سوشل نیٹ ورکنگ کاچسکا لگ گیا


عامر خان
عامر خان

بالی وڈ میں فلمی ستاروں کے لیے اِن دنوں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹز ٹویٹر، فیس بُک، اورکُٹ یا پھر بلاگ کے ذریعے براہ راست عالمی سطح پر پھیلے اپنے شیدائیوں سےگفتگو کرنا ایک فیشن سا ہوگیا ہے۔


فلم ‘تھری ایڈیئٹس’ کی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کامیابی کے بعد شہرت کی اونچائیوں کو چھونے والے عامر خان کو بھی سوشل نیٹ ورکنگ کا چسکا لگ گیا ہے۔


عامر نے اپنے بلاگ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ دو مئی کو پیرس میں ہوں گے اور اُن سے ملاقات کی خواہش رکھنے والے مداح اُن سے مل سکتے ہیں۔


پچھلے کچھ دنوں سے بلاگ نہ لکھنے پر معذرت کرتے ہوئےعامر نے اپنے بلاگ پر لکھا ہے ‘ میں دو مئی کو پیرس میں ہوں۔ اور میں اپنے اُن مداحوں سے ملنا چاہتا ہوں جو مجھ سے ملاقات کی خواہش رکھتے ہیں۔ پانچ لوگوں کا گروپ ہوگا’۔ بالی وڈ کے سپر سٹار عامر کی جانب سے یہ پیغام اُن کے چاہنے والوں کے لیے انمول تحفے سے کم نہیں۔


گذشتہ تین سال سے بلاگ لکھنے والے عامر نے اپنے بلاگ پر مزید لکھا ہے ‘ ہر ایک شخص اپنے ساتھ ایک اور شخص کو لاسکتا ہے۔ اگر آپ 18 سال سے کم عمر ہیں تو آپ کو اپنے ساتھ کسی بڑے شخص کو بھی لانا ہوگا۔’


عامر کے اِس تازہ بلاگ کو پڑھ کر اپنی خوشی اور افسوس بھرے ردعمل دینے والے اُن کے شیدائیوں کی کمی نہیں ہے۔ ممبئی میں مقیم ثنا پنج نے لکھا ہے کہ پتا نہیں ہم ممبئی والوں نے کیا گناہ کیا ہے کہ باندرہ میں رہ کر بھی آپ کے دیدار نہیں ہوتے۔ ثنا کے اِس سوال کا جواب عامر نے کچھ اِس طرح دیا ہے ‘صحیح کہا، بڑی ناانصافی ہے۔ غلطی کو بڑے سٹائل میں ٹھیک کروں گا۔’


پوشکر نے جب عامر سے اِس طرح کی گروپ نشست بھارت میں منعقد کرنے کے لیے لکھا تو عامر نے اپنے بلاگ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کے بینگلور اور حیدرآباد شہروں میں گروپ نشست کر چکے ہیں۔ روس، قطر اور جرمنی میں مقیم عامر کے چاہنے والوں کو بھی یہی شکایت ہے کہ وہ اُن کے ملک میں آکر اپنے مداحوں سے گروپ میٹنگ میں کیوں نہیں ملتے؟


عامر کے بلاگ کو پڑھنے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ وہ لندن میں بھی اپنے مداحوں سےچار یا پانچ مئی کو ملاقات کرنے کی کوشش کریں گے۔

XS
SM
MD
LG