رسائی کے لنکس

راولپنڈی ٹیسٹ بے نتیجہ ختم: پاکستانی بلے باز عابد علی عالمی ریکارڈ بنانے میں کامیاب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے تاہم پاکستان کے بلے باز عابد علی نے اس میچ میں عالمی ریکارڈ بنا لیا ہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ پانچ دن میں بارش سے متاثر رہا جبکہ چوتھے دن اس میچ کا کھیل بھی نہیں ہو سکا تھا۔

سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

سری لنکا کے چھٹے نمبر پر کھیلنے کے لیے آنے والے ڈھاننجایا ڈی سلوا نے سب سے زیادہ 166 گیندوں پر 102 رنز بنائے جبکہ اوپنر کرانا رتنے نے 110 گیندوں پر 59 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس اور عثمان شیروانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری جانب پاکستان 70 اوورز میں دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 252 بنا سکا جس کے بعد میچ کا بغیر کسی نتیجے کے اختتام ہو گیا۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم شان مسعود بغیر کوئی رن تیسرے اوور میں 3 کے مجموعی اسکور پر پولین واپس لوٹ گئے۔

ان کے بعد کپتان اظہر علی کھیلنے آئے انہوں نے شان مسعود کے ساتھ مل کر اسکور90 رنز تک پہنچایا۔ 32ویں اوور میں اظہر علی 81 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

عابد علی کا ساتھ دینے کے لیے بابر اعظم میدان میں آئے تو دونوں نے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے طویل پارٹنر شپ بنائی اور دونوں نے اسکور کو 70 اوورز میں 252 تک پہنچا دیا۔

عابد علی کا عالمی ریکارڈ

اس دوران اوپنر آنے والے عابد علی نے سینچری مکمل کرکے ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

عابد علی کرکٹ کی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ اور ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرتے ہی سینچری بنائی۔

32 سالہ عابد علی نے رواں سال مارچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی ایک روزہ کرکٹ سیریز میں ڈیبیو کیا تھا۔

انہوں نے پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں شان مسعود کے ہمراہ اوپن کیا تھا۔ انہوں نے میچ میں 119 گیندوں پر 112 رنز بنائے تھے۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے تھے تاہم پاکستان 50 اوورز میں 271 بنا سکا تھا۔

عابد علی نے پہلے ٹیسٹ میچ میں 201 گیندوں پر 109 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ بابر اعظم بھی سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے انہوں نے 128 گیندوں پر 102 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو میچوں کی سیریر کا پہلا ٹیسٹ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا جب کہ دوسرا میچ 19 دسمبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست ہوئی تھی۔ آسٹریلیا سے شکست کے بعد پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں 8 ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم پر مارچ 2009 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہونے والے حملے کے بعد پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔

البتہ 2015 میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ جس کے بعد ورلڈ الیون نے بھی پاکستان میں میچز کھیلے تھے۔

اکتوبر میں سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے پاکستان میں تین میچز کھیلے تھے۔ تاہم پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG