رسائی کے لنکس

متحدہ عرب امارات میں ٹریفک جرمانوں پر 50 فی صد رعایت کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست ابوظہبی کی پولیس نے نیا قانون جاری کیا ہے جس کے تحت ٹریفک قوانین حوالے سے جرمانوں میں 50 فی صد تک رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔

یو اے ای کے خبر رساں ادارے 'گلف نیوز' کے مطابق ابو ظہبی پولیس کے ہیڈ کوارٹرز سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای میں 22 دسمبر سے قبل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیے گئے جرمانوں، گاڑیوں کو ضبط کرنے اور بلیک ٹریفک پوائنٹس پر 50 فی صد تک تین ماہ کے لیے رعایتدی جا رہی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پولیس نے یہ اقدام بھی کیا ہے کہ وہ افراد جو اپنے جرمانے جلد ادا کریں گے ان کو بھی رعایت ملے گی۔

پولیس کے مطابق وہ افراد جو کسی بھی ٹریفک ضابطے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہوں اور انہوں نے خود پر عائد جرمانہ دو ماہ کے اندر جمع کروا دیا تو انہیں بھی 35 فی صد رعایت ملے گی۔

پولیس نے یہ قانون 22 دسمبر سے لاگو کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلیک پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔

پولیس کی جانب سے طے کیے گئے پوائنٹس میں سب سے زیادہ بلیک پوائٹس 24 ہیں جو کہ نشے میں گاڑی چلانے، بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی چلانے، ٹرک کو خطرناک طریقے سے اوور ٹیک کرنے پر 24 بلیک پوائنٹس ملتے ہیں۔

اسی طرح لوڈ ٹرک کو اوپر سے کھلا رکھنے پر تین ہزار درہم، ایمبولینس یا فائر بریگیڈ کے لیے مختص مقام پر گاڑی پارک کرنے پر ایک ہزار درہم، تیز رفتاری پر دو ہزار درہم، لاپروائی سے ڈرائیونگ کرنے پر دو ہزار درہم کا جرمانہ کیا جاتا ہے جبکہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے جبکہ کسی حادثے کے بعد گاڑی نہ روکنے پر جرمانے کا فیصلہ عدالت کرتی ہے۔

اخبار 'خلیج ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق کئی ایسے جرائم ہیں جن میں ٹریفک ضابطوں کی خلاف ورزی کی صورت میں رعایت نہیں دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق ان ضابطوں میں خطرناک انداز میں ڈرائیونگ، گاڑی چلاتے ہوئے کسی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے، کوئی گاڑی جو شور کر رہی ہو، گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے سمیت متعدد ضابطے ایسے ہیں جن کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG