رسائی کے لنکس

افغان خفیہ ادارے کا اہم طالبان کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ


میدان وردک میں موجود افغان خفیہ ادارے کی عمارت جسے طالبان کے حملے میں شدید نقصان پہنچا۔ 22 جنوری 2019
میدان وردک میں موجود افغان خفیہ ادارے کی عمارت جسے طالبان کے حملے میں شدید نقصان پہنچا۔ 22 جنوری 2019

افغانستان کی خفیہ ایجنسی ’این ڈی ایس‘ نے بدھ کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اُس نے گزشتہ ہفتے اپنے ایک مرکز پر حملے کے منصوبہ ساز نعمان کو ہلاک کر دیا ہے۔

این ڈی ایس کے مطابق نعمان کو منگل کے روز ایک ہوائی حملے میں ہلاک کیا گیا۔

این ڈی ایس کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے میں ملوث دیگر افراد کو بھی ڈھونڈ نکالے گی۔

افغانستان کے میدان وردک میں واقع این ڈی ایس کے مرکز پر پیر کے روز حملے میں مبینہ طور پر 36 افراد ہلاک اور 58 زخمی ہو گئے تھے۔ تاہم کچھ سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں اس سے بھی زیادہ ہوئی تھیں۔

این ڈی ایس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نعمان اور کچھ دیگر افراد کی شناخت کے بعد یہ ہوائی حملہ کیا تھا۔

تاہم طالبان کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں این ڈی ایس کے دعوے کی نفی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اُن کا مذکورہ کمانڈر ہلاک نہیں ہوا۔

افغانستان میں جاری خانہ جنگی کو روکنے اور امن قائم کرنے کے لئے قطر میں امریکی اہل کاروں اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے باوجود میدان وردک میں یہ حملہ ظاہر کرتا ہے کہ افغانستان میں حکومت اور فوج کو طالبان اور عسکریت پسندوں کی طرف سے بدستور شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

پیر کے روز کے اس حملے میں طالبان نے سرکاری فوج کی ایک گاڑی کو دھماکے سے اُڑا دیا۔

افغانستان کے محکمہ دفاع کے ایک اہل کار نے نیوز ایجنسی رائیٹرز کو بتایا ہے کہ اس حملے میں افغان سیکورٹی فورسز کے 126 اہل کار ہلاک ہوئے تھے جبکہ دارالحکومت کابل میں دو اعلیٰ سیکورٹی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ حملے میں این ڈی ایس کے زیر تربیت 72 اہل کار ہلاک اور دیگر 38 افراد زخمی ہوئے۔ اُدھر طالبان نے حملے میں 190 افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ منگل کو کئے گئے ہوائی حملے میں این ڈی ایس کو امریکی فوجوں کی مدد حاصل تھی یا نہیں۔ عام طور پر افغان فورسز کی طرف سے طالبان کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں اُنہیں امریکی فورسز کی بھرپور مدد حاصل رہی ہے۔

اہم صدر ٹرمپ کی طرف سے افغانستان میں موجود 14,000 کے لگ بھگ امریکی فوجیوں کی نصف تعداد کو واپس بلانے کی خبروں کے بعد ایسی کارروائیوں میں امریکی فوجوں کی مدد کے سلسلے میں سوال اُٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG