رسائی کے لنکس

افغان جنگ کی حکمتِ عملی پرمجھے کوئی شکوک نہیں: گیٹس


امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس کا کہنا ہے کہ اُنھیں افغانستان پرامریکی حکومت کی جنگی حکمتِ عملی کے بارے میں کوئی شکوک نہیں ہیں۔

گیٹس نے جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس میں اپنا مؤقف بیان کیا جب اُن سے ‘واشنگٹن پوسٹ’ کے صحافی باب ووڈورڈ کی نئی کتاب کے بار ے میں پوچھا گیا جِس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ صدر براک اوباما کے اعلیٰ مشیروں کے درمیان افغان جنگ کی حکمت عملی پر اختلافات ہیں۔

گیٹس نے اِن دعووٴں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تنازعے سے فروخت بڑھتی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اوباما انتظامیہ کے اندرتعلقات میں اتنی ہم آہنگی ہے جیسی کہ اُنھوں نے حکومت میں رہتے ہوئے کبھی دیکھی ہو۔

‘اوباما وارز’ نامی کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انظایمیہ کے کچھ کلیدی عہدے داروں کو اس پر شک و شبہ ہے کہ افغان جنگ کا نیا منصوبہ کامیاب ہوگا۔

‘واشنگٹن پوسٹ’ اور‘ دِی نیویارک ٹائمز’ دونوں نے کتاب کے پیر کو طے شدہ اجرا سے قبل بدھ کو کتاب میں سے اقتباسات شائع کیے ہیں۔

افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نئی حکمتِ عملی کارگر نہیں ہوگی۔

حکمتِ عملی کے بارے میں ووڈورڈ نے مسٹر اوباما اور اُن کے مشیروں کے انٹرویو کیے تھے۔

XS
SM
MD
LG