رسائی کے لنکس

کابل: نیٹو قافلے پر خودکش حملہ، کم از کم آٹھ افراد ہلاک


افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بین الاقوامی افواج کے قافلے پر ہونے والے ایک خودکش بم حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔

قافلے کو بدھ کی صبح کابل کے ایک مصروف ترین علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔

بین الاقوامی افواج پر مشتمل ریزولیوٹ اسپورٹ مشن کے ترجمان کیپٹن بل سالووان کے مطابق اس حملے میں تین امریکی فوجی زخمی ہوئے۔

ان کے بقول جس بکتر بند گاڑی کو حملے میں نشانہ بنایا گیا وہ بڑے بم حملوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس واقعے کے بعد وہ فوجی اڈے پر واپس پہنچنے میں کامیاب رہی۔

تاہم جائے وقوع پر دیگر متعدد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس میں مرنے والے عام شہری تھے۔

تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے لیکن گزشتہ ہفتے ہی طالبان عسکریت پسند اپنی پرتشدد کارروائیوں کو تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ اس میں غیر ملکی فوجیوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

پاکستان نے کابل میں حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ سے جاری بیان میں ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے تعاون کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG