رسائی کے لنکس

’’پورا ملک بھی استعفیٰ دے دے تب بھی عمران خان کی باری نہیں آئے گی‘‘


اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، احسن اقبال نے کہا ہے کہ ’’عمران خان موجودہ حکومت کو ناکام کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن، خان صاحب ہمیں نہیں پاکستان کو ناکام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی پہلے دن سے کوشش ہے کہ کوئی سرمایہ کار یہاں نہ آئے‘‘

پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنی مخالف جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’عمران خان نے چند لوگوں کے ساتھ مل کر ہماری حکومت کے خلاف سازش کی اور 126دن دھرنا دیا۔ ان کے پیٹ میں مروڑ تھا کہ حالیہ دھرنا کیسے ختم ہوگیا، حالانکہ ان کے دھرنے سے تو پارلیمنٹ بھی محفوظ نہیں رہی، پورا ملک بھی استعفیٰ دے دے تب بھی عمران خان کی باری نہیں آئے گی‘‘۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے، وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ’’عمران خان سیاست کے فسادی بابا ہیں۔ وہ قوم کے نوجوانوں کو تباہ کر رہے ہیں‘‘۔

احسن اقبال کے بقول، ’’پاکستان پر دنیا کا اعتماد بحال ہو چکا ہے، موجودہ حکومت نے نیشنل گرڈ میں 7 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کی ہے اور اپنی آئینی مدت تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کریں گے۔ ملک کی شرح نمو 5.3 فیصد سالانہ تک پہنچ گئی ہے۔‘‘

احسن اقبال نے کہا کہ ’’پاناما کا ڈراما نہ ہوتا تو اس سے زیادہ ترقی کی شرح حاصل کرلیتے۔ اب ہمیں دانشمندی سے حالات کو قابو میں رکھنا ہے۔ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی کیلیے امن و استحکام پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔ ہمیں ملک کی ترقی کی سند عمران خان سے نہیں بین الاقوامی برادری سے لینی ہے‘‘۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان کی ترقی دیکھ کر دشمنوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں؛ اور اسے روکنے کے لئے سازشیں کی جاری ہیں، جب کہ عمران خان ٹائپ کے لوگ شیخ چلی جیسے خواب دیکھ رہے ہیں‘‘۔

بقول اُن کے، ’’عمران خان کو 2013 میں عوام نے وزیر اعظم منتخب نہیں کیا تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔ پورا ملک بھی استعفیٰ دے دے تب بھی عمران خان کی باری نہیں آئے گی۔ وہ آج بھی نواز شریف کے خوف سے نہیں نکل سکے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’عمران خان موجودہ حکومت کو ناکام کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن، خان صاحب ہمیں نہیں پاکستان کو ناکام کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی پہلے دن سے کوشش ہے کہ کوئی سرمایہ کار یہاں نہ آئے‘‘۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ’’انہوں نے چند لوگوں کے ساتھ مل کر سازش کی اور 126دن دھرنا دیا۔ ان کے پیٹ میں مروڑ تھا کہ حالیہ دھرنا کیسے ختم ہوگیا حالانکہ ان کے دھرنے سے تو پارلیمنٹ بھی محفوظ نہیں رہی‘‘۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’عمران خان سیاست کے فسادی بابا ہیں، وہ قوم کے نوجوانوں کو تباہ کر رہے ہیں، جہاں بھی آگ دیکھتے ہیں وہ اسے مزید بھڑکانے پہنچ جاتے ہیں۔‘‘

اُن کے بقول، ’’عمران خان کہتے ہیں کہ جب فیض آباد دھرنا ختم ہوا تو انہوں نے 2 نفل ادا کیے تھے۔ اور عمران خان کا دھرنا جب ختم ہوا تھا تو عوام نے 100 نفل ادا کیے تھے‘‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’وہ قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ عمران خان نے کرپشن کے تمام مگرمچھ اپنی چھتری کے نیچے جمع کر لئے ہیں۔ عمران خان بتائیں پچھلے 4سالوں میں کرپشن ختم کرنے کیلئے کیا کیا، جسے چیئرمین نیب لگایا اسے بھی آپ نے ہٹا دیا۔ عمران خان نے ابھی تک کے پی میں نیب چیئرمین کا تقرر بھی نہیں کیا، کرپٹ لوگوں کے بجائے جسٹس وجیہہ الدین کو نکال دیا‘‘۔

احسن اقبال کی اس نیوز کانفرنس کے جواب میں، پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال خود میں عقل اور سمجھ بوجھ کے فقدان کا ذمہ دار بھی تحریک انصاف کو ٹھہرائیں تو تعجب نہیں ہوگا۔ عمران خان اور تحریک انصاف پر کیچڑ اچھال کر احسن اقبال اپنے دامن پر لگے بدنما داغ نہیں مٹا سکتے۔‘‘

ترجمان کا کہنا تھا کہ ’’ڈان لیکس کی طرح، ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم جیسی شرارت کا "کھرا" بھی جاتی امراء سے ملے گا، ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کی واحد ذمہ دار حکومت ہے۔‘‘

XS
SM
MD
LG