رسائی کے لنکس

امریکہ میں فضائی سفر پہلی بار عالمی وبا سے پہلے کی سطح پر واپس آگیا


مسافروں کی بڑی تعداد میموریل ڈے کے موقعے پر آرلینڈو ایئرپورٹ پر موجود ہے(فوٹو اے پی)
مسافروں کی بڑی تعداد میموریل ڈے کے موقعے پر آرلینڈو ایئرپورٹ پر موجود ہے(فوٹو اے پی)

امریکہ میں مارچ 2020 میں کرونا وبا کے پھوٹنے کے بعد ہوائی سفر اب بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جو عالمی وبا سے پہلے کے معمول کے قریب تر ہے۔

امریکی ادارے ٹرانسپورٹ سیکیورٹی ایسوسی ایشن کے مطابق جون کے مہینے میں کئی بار بیس لاکھ سے زائد لوگوں نے امریکی ایئر پورٹ سے ہوائی سفر کیا۔

ٹی ایس اے کی ترجمان لیزا فاربسٹائن کے مطابق گزشتہ اتوار یعنی 27جون کو ادارے نے 2,167,380 یعنی 21 لاکھ سے زیادہ مسافروں کو امریکہ بھر کے ایئر پورٹس پر سفر سے پہلے سکرین کیا۔

ترجما ن نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عالمی وبا کے گزشتہ سال پھیلنے کے بعد ہوائی سفر کرنے والوں کی ایک دن میں یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

یاد رہے کہ مارچ 2020 میں کروناوائرس کے پھیلاو کے باعث امریکہ میں پچھلے سال اپریل میں ایک دن ایسا بھی آیا جب ملک بھر میں ایک لاکھ سے کم لوگوں نے ہوائی جہازوں سے سفر کیا۔

کووڈ نائنٹین کی وبا سے پہلے ٹی ایس اے کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں ہر روز اوسطاً بیس سے پچیس لاکھ لوگ ہوائی سفر کرتے تھے۔

ماہرین کے مطابق اس مہینے ہوائی سفر میں اضافے کی کئ وجوہات ہیں جن میں لوگوں کے ویکسین لگانے سے اعتماد میں اضافہ، میموریل ڈے کا طویل ویک اینڈ، اور کاروباری سرگرمیوں کی بڑی حد تک بحالی شامل ہیں۔

صرف میموریل ڈے کی چھٹیوں میں نوے لاکھ سے زیادہ لوگوں نے ہوائی جہازوں کے ذریعہ سفر کیا۔

روزنامہ یو ایس اے ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ کے یوم آزادی کی چھٹیوں میں بھی ہوائی سفر میں اضافہ برقرار رہے گا۔ اور ایسا ویکسین لگانے کے اہداف میں کچھ کمی اور کرونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے پھیلنے کے اندیشوں کے باوجود برقرار رہے گا کیونکہ لوگ اب عالمی وبا سے پہلے کی زندگی کی بحالی کی جانب گامزن ہیں۔

یاد رہے کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ ملک میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وبا سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔

دریں اثنا امریکی ٹی وی چینل این بی سی کے مطابق امریکہ میں کاروباری سرگرمیاں تیزی سے بحال ہو رہی ہیں جو ہوائی سفر میں اضافہ کی ایک اہم وجہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کے گڑھ سلیکان ویلی سے ماہرین نے پھر سے بڑی تعداد میں ہوائی جہازوں کے ذریعہ سفر کرنا شروع کر دیا ہے۔

اس ہفتے امیریکن ایئر لائنز نے کہا کہ ہوائی سفر کی ڈیمانڈ میں اچانک اضافہ ہوا ہے لیکن اسے ورک فورس کی کمی کی وجہ سے کئی فلائٹس کینسل کرنا پڑیں۔

XS
SM
MD
LG