رسائی کے لنکس

عمر شریف کو میرا سلام، وہ مہان اداکار ہیں: اکشے کمار


’میں 20 سال سے عمر شریف کو دیکھ رہا ہوں۔ وہ ایک ’مہان کلاکار‘ ہیں۔۔ میرے نزدیک ان جیسا کامیڈین دوسرا کوئی اورنہیں۔ میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں‘

بالی وڈ ہیرو اکشے کمار نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی مزاحیہ اداکار عمر شریف سے بہت متاثر ہیں اور انہیں سلام کرتے ہیں۔ اکشے کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمر شریف کے اسٹیج ڈرامے دیکھ دیکھ کر بہت کچھ سیکھا ہے۔

’این ڈی ٹی وی‘ کی ایک خبر کے مطابق، اکشے کمار نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔

اکشے کہتے ہیں، ’میں نے 20سال پہلے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ اس وقت سے میں عمر شریف کو دیکھ رہا ہوں۔ وہ ایک مہان کلاکار (عظیم فنکار) ہیں۔ عمر شریف کی ٹائمنگ غضب کی ہے۔ کوئی بھی کامیڈین اگر وقت پر جملے ادا نہ کرے تو پھر اس کا مزاح ختم ہوجاتا ہے‘۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ، ’اِسے آپ کامیڈین کی حاضر جوابی بھی کہہ سکتے ہیں۔ عمر شریف میں یہ کوالٹی بھری پڑی ہے۔ وہ دوبدو مکالمہ بول کر جو مزاح پیدا کرتے ہیں وہ کسی اور کے بس کی بات نہیں۔ میرے نزدیک ان جیسا کامیڈین دوسرا کوئی اور نہیں۔میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔‘

اکشے کمار پاکستان میں اپنی نمائش کے لیے پیش کی جانیوالی نئی فلم ’باس‘ کے حوالے سے انٹرویو دے رہے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں اکشے کمارکا کہنا تھا، ’پاکستان میں بھی میرے چاہنے والوں کی تعداد کم نہیں، میری بہت سی فلموں نے پاکستان میں اچھا بزنس کیا ہے۔ میں پاکستان بھی جا چکا ہوں۔ جو چاہت، جو محبت مجھے وہاں ملی وہ میں بھلا نہیں سکتا۔‘
XS
SM
MD
LG