رسائی کے لنکس

بڑی عمر کا ہیرو، آدھی عمر کی ہیروئن


”یاہو انڈیا“نامی ایک ویب سائٹ نے بڑی عمر کے ہیروز اور آدھی عمر کی ہیروئنز کے بارے میں ایک رپورٹ شائع کی ہے

کہتے ہیں کہ لڑکیوں سے ان کی عمر اور مردوں سے ان کی تنخواہ نہیں پوچھنی چاہئے۔ ۔۔لیکن جناب عمر ایک ایسی چیز ہے جو ایک بار مل جائے تو پھر بڑھتی ہی چلی جاتی ہے گھٹتی کبھی نہیں۔ عمر پر کسی کو کوئی اعتراض ہونا بھی نہیں چاہئے کہ اس پر بھلا اپنابس کب چلتا ہے۔ اگر اپنا بس چلتا تو کوئی بوڑھا ہی نہ ہوتا ۔۔۔ مگر جناب ہمارے فلمی ہیروزاس معاملے میں بھی قسمت کے دھنی ہیں ۔خود تو ہیں پختہ عمر کے مگر ہیروئنز انہیں ملتی ہیں چھوٹی عمروں کی۔ کسی سے پوچھو تو جواب ملتا ہے ۔۔”یہ فلم نگری ہے یہاں ۔۔سب چلتا ہے یار۔۔۔!!

”یاہو انڈیا“نامی ایک ویب سائٹ نے خاصی چھان بین کے بعد بڑی عمر کے ہیروز اور آدھی عمر کی ہیروئنز کے بارے میں ایک رپورٹ شائع کی ہے ۔ رپورٹ میں اکشے کمار سے لیکر عامر خان تک اور شاہ رخ خان سے لیکر امیتابھ بچن تک کے بڑی عمر کے ہیروز اور چھوٹی عمروں کی ہیروئنز کا تذکرہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اکشے جی پیدا ہوئے تھے 1967ء میں اور سوناکشی اس دنیا میں تشریف لائیں تھیں 1987ء میں۔ یعنی دونوں کی عمروں میں ایک دو نہیں پورے 20برس کا فرق ہے لیکن دونوں کی حالیہ فلم ” راوٴڈی راٹھور“ دیکھئے تو دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری ملتی نظر آئے گی۔۔انہی سے ملتی جھلتی مثال سلمان خان اور سوناکشی سنہاکی ہے۔

سوناکشی نے کی تھی سلمان خان کے ساتھ اپنی پہلی فلم ”دبنگ“ سن 2010ء میں ۔ وہ خود تو سلمان سے بہت سال چھوٹی ہیں لیکن سلمان خان 40کا ہندسہ عبور کرچکے ہیں مگر ۔۔۔سوناکشی کو دیکھ کر ”تیرے مست مست دو نین ، میرے دل کا لے گئے چین ۔۔“گانا نہیں بھولے ۔ کیا کریں سب چلتا ہے ۔!!!

اکشے کمار اور کترینہ کیف کی عمروں میں 17سال کافرق ہے لیکن ان دونوں کی جوڑی کیا کامیاب ہوئی ”سنگھ از کنگ “ نے بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔ یہی معاملہ دپیکا پڈکون کے ساتھ بھی ہے ۔ اکشے اور دپیکا میں ہے پورے19’ورشوں کا انتر‘لیکن دونو ں کی فلم ”چاندنی چوک ٹو چائنا“ دیکھئے تو لگتا ہے دونوں ابھی تک بالی عمرسے نہیں نکلے ہیں۔

عامر خان اور آسین کی عمر یں میں میچ نہیں کھاتیں۔ دونوں میں 20 کا فرق ہے لیکن دونو ں نے ”گجنی “ میں کیا خوب نبھایا ہے اپنا اپنا رول۔

سینیئر آرٹسٹ بگ بی کی بات کریں تو ۔۔امیتابھ نے اپنی جوانی میں ہم عمر ہیروئز کے ساتھ جو رومانس کیا سو کیا لیکن جب وہ فلم ”نی شبھ“ میں انتہائی کم عمر جیا خان سے رومانس کررہے تو ان دونوں کی عمر میں 46سال کافرق تھا۔ مگر کیا کریں سب چلتا ہے کیوں کہ ۔۔۔یہ اسکرپٹ کی ڈیمانڈ تھی۔

دپیکا پڈکون نے شاہ رخ خان کے ساتھ پہلی فلم کی تھی ”اوم شانتی اوم“ اور اس وقت دونوں کی عمر میں 21سال کا فرق تھا۔فلم ”رب نے بنادی جوڑی “ میں شاہ رخ اور انوشکا نے ایک ساتھ کام کیا لیکن دونوں کی عمروں میں جانتے ہیں کتنا فرق تھا؟؟؟ ۔۔۔۔۔۔پورے 23سال کا ۔

اور سنیں سنجے دت کو فلم” راسکل“ کے حوالے سے خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ فلم میں ان کی ہیروئن تھیں لیزا ہیدن اور کنگنا رانا وت۔ یہ دونوں سنجے دت سے عمر میں آدھی ہیں۔ فلم ”ویر“ زرین خان کی پہلی فلم تھی جبکہ سلمان تو اس فیلڈ کے مہاکھلاڑی ہیں۔ دونوں کی عمروں میں 23سال فرق ہے ۔
XS
SM
MD
LG