رسائی کے لنکس

کیا علی ظفر کی طنزیہ ویڈیو کا ہدف علی عظمت ہیں؟


گلوکار علی ظفر (فائل فوٹو)
گلوکار علی ظفر (فائل فوٹو)

پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ شرارتی انداز میں مسکراتے ہوئے کسی پر طنز کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں انہوں نے کسی کا نام تو نہیں لیا البتہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ گلوکار علی عظمت کو جواب دے رہے ہیں۔

علی ظفر نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا ترانہ 'اب کھیل جمے گا' گایا تھا جسے خاصی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ پی ایس فائیو کا نغمہ 'تیار ہو' علی عظمت کے ساتھ دیگر فن کاروں نے مل کر گایا جسے سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے کافی تنقید کا نشانہ بنایا۔

پی ایس ایل فائیو کا نغمہ سامنے آنے کے بعد کئی کرکٹ شائقین نے سوشل میڈیا پر علی ظفر کا نغمہ دوبارہ شیئر کیا تھا۔

جمعرات کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں بد انتظامی بھی دکھائی دی۔ افتتاحی تقریب پر سوشل میڈیا پر بھی خاصی تنقید کی گئی تھی۔ گلوکار علی عظمت بھی اس تقریب میں شریک تھے اور انہوں نے پرفارم بھی کیا۔ لیکن ان کا نغمہ پورا ہونے سے پہلے ہی بند کر دیا گیا۔

تقریب کے بعد علی عظمت نے ایک مقامی ٹی وی چینل 'اے آر وائی نیوز' کے ایک شو میں انٹرویو دیتے ہوئے بد انتظامی پر ناراضگی کا بھی اظہار کیا تھا۔

شو کے میزبان وسیم بادامی نے جب ان سے پی ایس ایل فائیو کے نغمے 'تیار ہو' پر شائقین کے ردعمل سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے جواب میں کہا کہ کچھ حریف فن کاروں نے بلاگرز کو ہائر کیا تھا جنہوں نے اس گانے پر تنازع کھڑا کیا۔

وسیم بادامی نے علی عظمت سے کہا کہ آپ نام لے لیں ورنہ لوگ سمجھیں گے کہ آپ علی ظفر کی بات کر رہے ہیں۔ جس کے جواب میں علی عظمت نے کہا کہ نہیں میں ان کی بات نہیں کر رہا۔ علی عظمت نے کسی کا بھی نام لینے سے گریز کیا تھا۔ البتہ یہ بھی واضح ہے کہ پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے ہٹ ہونے والا نغمہ علی ظفر کا 'اب کھیل جمے گا' ہی ہے۔

جمعے کو گلوکار علی ظفر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو جاری کی۔ جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ کی زندگی میں کوئی بھی مسئلہ چل رہا ہے، کوئی ازدواجی یا سماجی مسئلہ، کاروبار نہ چل رہا ہو، گانا یا ایونٹ نہیں چل رہا ہو تو اس کا ذمہ دار میں ہوں۔ کیوں کہ میں اتنا طاقتور ہوں کہ میرے پے رول پر بلاگرز ہیں۔

علی ظفر نے شرارتاً کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا صدر کس نے منتخب کرایا؟ اپنی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "بھائی نے۔"

علی ظفر نے کہا کہ اپنے کمرے میں ایک ڈاٹ بورڈ لگائیں اور اس پر روزانہ صبح اٹھ کر نشانہ لگائیں۔ اس سے دل ہلکا ہوگا اور غصہ کم ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ میں خود وہاں آ کر کھڑا ہو جاؤں، تو میں اس کے لیے بھی حاضر ہوں۔

ویڈیو کے دوران علی ظفر کا مشہور گانا 'اب کھیل جمے گا' بجتا ہے تو علی ظفر شرارتی انداز میں ہاتھ جوڑ کر مسکراتے ہوئے کہتے ہیں "یہ گانا بند کر دے یار، منحوس گانا آپ بار بار لگا دیتے ہیں۔"

ویڈیو پیغام کے ساتھ علی ظفر نے لکھا کہ زندگی میں کوئی بھی مسئلہ ہو، بھائی حاضر ہے۔

علی ظفر کی ویڈیو پر ٹوئٹر صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے۔ نادیہ نذیر نامی ایک صارف نے لکھا کہ ہاں ہاں ہم پاکستانیوں کو گھر پر علی ظفر کی کال آئی تھی۔ جس کے جواب میں علی ظفر نے کہا کہ پیسے پہنچے یا نہیں؟

صابر میمز نامی ایک اکاؤنٹ نے ٹوئٹ کی کہ سب میمرز کو پیسے مل گئے ہیں۔

عابد مختار نامی ایک صارف نے کہا کہ بتایا ہی نہیں کہ آپ تنقید کرا رہے تھے۔ نہیں تو ہم بھی چار پیسے کما لیتے۔ ہم بلا وجہ فری میں ہی تنقید کرتے رہے۔

XS
SM
MD
LG