رسائی کے لنکس

'اس کے لیے اتنا انتظار کیا تھا' پی ایس ایل فائیو کے ترانے پر شائقین کا ردِ عمل


سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل فائیو کے نغمے پر ملا جلا رد عمل سامنے آرہا ہے اور بیشتر افراد اسے تنقید کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل فائیو کے نغمے پر ملا جلا رد عمل سامنے آرہا ہے اور بیشتر افراد اسے تنقید کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن شروع ہونے کے قریب ہے اور اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے روایت کے مطابق ایونٹ کے لیے نغمہ جاری کر دیا ہے جس پر شائقین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

منگل کی شب پی ایس ایل فائیو کا نغمہ 'تیار ہیں' نشر کیا گیا جس کا شائقین کو بے تابی سے انتظار تھا۔

تاہم نغمہ جاری ہونے کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر بیشتر افراد نے چار گلوکاروں کی آواز میں گائے جانے والے اس نغمے پر شدید تنقید کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی روایت رہی ہے کہ وہ ہر سال پی ایس ایل کا نغمہ جاری کرتا ہے۔ ابتدائی تین برسوں تک گلوکار علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے نغمے جاری ہوئے جنہیں بے حد پذیرائی ملی۔

پی ایس ایل سیزن فائیو کے لیے جو نغمہ جاری کیا گیا ہے وہ علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر کی آواز میں ہے۔

پی ایس ایل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نغمہ 'تیار ہیں' کے پروڈیوسر نامور موسیقار ذوالفقار جبار خان ہیں جب کہ اس کی ویڈیو کی ہدایت کاری کے فرائض ڈائریکٹر کمال خان نے انجام دیے ہیں۔

یہ نغمہ چاروں گلوکاروں اور چند کھلاڑیوں پر فلمایا گیا ہے جس میں نمایاں حسن علی، بابر اعظم، شاداب خان اور سرفراز احمد ہیں۔

پی ایس ایل فائیو کا نغمہ جاری ہونے کے بعد شائقین نے اس پر تنقید بھی شروع کر دی ہے۔

ٹوئٹر صارف جمال جلیل نے نغمے کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کی تاریخ کا بد ترین نغمہ پیش کیا جا رہا ہے۔

عائشہ نامی ٹوئٹر صارف نے ایک خاتون کے روتے ہوئے تصویر شیئر کی اور اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میری حالت کچھ اس طرح ہے۔ یہ سننے کے لیے اتنا انتظار کیا تھا۔

ایک صارف نے ایک ایسے جانور کی تصویر شیئر کی جسے دیکھ کر اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ وہ کیا ہے۔ اس پر انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا ترانہ ہر سیزن میں اس طرح تبدیل ہو رہا ہے۔

ایک صارف نے چند لڑکوں کی تصویر شیئر کی جو ہاتھ میں پتھر اٹھائے کسی کو مارنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ صارف نے اس پر لکھا کہ تیار ہیں گانا سننے کے بعد میں اور میرے دوست۔

زینب نامی ٹوئٹر صارف نے مشہور ڈرامہ میرے پاس تم ہو کے کردار دانش کی تصویر شیئر کی جس میں اسے مرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ٹوئٹر صارف نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا گانا سننے کے بعد میری حالت کچھ اس طرح کی ہے۔

بعض ٹوئٹر صارفین نے گلوکار علی ظفر کو یاد کیا اور ان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔

نور نامی ٹوئٹر نے ایک ایسے شخص کی تصویر شیئر کی جو کچرے کے ڈبے میں ہینڈ فری لگا کر کچھ سننے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا ہم اس کا انتظار کر رہے تھے، گانا تیار ہیں نے بہت مایوس کیا، مجھے واپس سیٹی بجے گی چاہیے۔

طیبہ اعظم نے بھارتی فلم کے سین کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پی ایس ایل 2020 کا نغمہ سننے کے بعد پاکستانیوں کا ردِ عمل کچھ اس طرح سے ہے۔

علی حسن نامی ٹوئٹر صارف نے گلوکار علی ظفر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آپ یقین کریں یا نہ کریں ہم میں سے بہت سے لوگ علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے گانے کو یاد کر رہے ہیں۔ ان کی آواز پی ایس ایل کی جان ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پی ایس ایل کا نغمہ 'کھیل دیوانوں کا' گلوکار فواد خان نے گایا جسے شجاع حیدر نے تحریر کیا تھا۔ تاہم یہ نغمہ علی ظفر کی آواز میں 2017 میں گائے گئے نغمے 'اب کھیل جمے گا' کے مقابلے میں ہلکا قرار دیا جا رہا تھا۔

شائقین کی جانب سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ سامنے آ رہا ہے کہ پی ایس ایل کے نغمے کے لیے گلوکار علی ظفر کی آواز کا انتخاب کیا جائے۔

XS
SM
MD
LG