رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: کوالیفائنگ ٹیموں کے گروپ 'بی' میں اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے کڑا مقابلہ


بنگلہ دیش کو سپر 12 مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے اپنے آخری میچ میں لازمی کامیابی درکار ہے۔
بنگلہ دیش کو سپر 12 مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے اپنے آخری میچ میں لازمی کامیابی درکار ہے۔

متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے جاری ہیں۔ اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائرز ٹیموں کے گروپ 'بی' میں دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے آٹھ کوالیفائنگ ٹیمیں دو گروپ میں تقسیم ہیں اور ہر گروپ میں شامل چار ٹیموں میں سے دو ٹیمیں سپر 12 مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔

کوالیفائنگ ٹیموں کے گروپ 'اے' میں شامل سری لنکا کی ٹیم بدھ کو آئرلینڈ کے مدِ مقابل ہو گی جب کہ نمیبیا کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہو گا۔

اس گروپ میں اب تک تمام ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں اپنے اپنے میچز میں کامیابی کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ نیدرلینڈز تیسرے اور نمیبیا چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔

گروپ 'اے' کی ٹیموں کے پاس اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے دو دو میچز ہیں البتہ گروپ 'بی' کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔

گروپ 'بی' میں شامل اسکاٹ لینڈ، عمان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے سخت مقابلہ ہے جب کہ اس گروپ میں شامل پاپوا نیو گنی ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

اسکاٹ لینڈ نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں اور وہ دونوں میں کامیابی حاصل کر کے چار پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ عمان اور بنگلہ دیش نے دو دو میچز کھیل کر ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اور دونوں ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

گروپ 'بی' میں سے سپر 12 مرحلے میں جگہ بنانے والی ٹیموں کا فیصلہ جمعرات کو ہو جائے گا جب بنگلہ دیش کی ٹیم پاپوا نیو گنی اور عمان کی ٹیم اسکاٹ لینڈ کے مدِ مقابل آئے گی۔

اگر اسکاٹ لینڈ نے عمان کو شکست دی تو وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ اسی طرح بنگلہ دیش کی کامیابی اسے سپر 12 میں پہنچا سکتی ہے۔

اگر پاپوا نیو گنی نے بنگلہ دیش کو شکست دی تو بنگال ٹائیگرز کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پہنچنے کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔

بنگلہ دیش کی جیت کی صورت میں بھی اسے عمان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ کے فیصلے کا انتظار کرنا ہو گا۔ کیوں کہ پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کو دو دو پوائنٹس حاصل ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے عمان دوسرے اور بنگلہ دیش تیسرے نمبر پر ہے۔

اگر اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے عمان کو شکست دی تو وہ سپر 12 مرحلے میں جگہ بنا لے گی لیکن شکست کی صورت میں اس کی قسمت کا فیصلہ رن ریٹ پر ہو گا۔

اگر عمان نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دی اور بنگلہ دیش نے بھی اپنا میچ جیت لیا تو اس صورت میں پوائنٹس ٹیبل پر تینوں ٹیموں کے چار چار پوائنٹس ہو جائیں گے اور اگلے مرحلے میں وہی ابتدائی دو ٹیمیں جائیں گی جن کا رین ریٹ اچھا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG