رسائی کے لنکس

امریکہ میں ڈاک کے ذریعے حملوں کی تاریخ


پولیس کے مطابق ڈاک کے ذریعے اعلیٰ عہدے داروں کو اس لفافے ایسا بارودی مواد بھیجا گیا، جو جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔
پولیس کے مطابق ڈاک کے ذریعے اعلیٰ عہدے داروں کو اس لفافے ایسا بارودی مواد بھیجا گیا، جو جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ڈاک کے ذریعے صدر ٹرمپ کے ناقدین کو دھماکہ خیز بم بھیجنے میں ملوث زیر حراست مشتبہ شخص پر دہشت گردی کی دفعات لگائی جائیں گی یا نہیں۔ لیکن ایک تجزیہ کار نے کہا ہے کہ کئی وجوہات کی بنا پر اس پر دہشت گردی کی دفعات لگائی جا سکتی ہیں۔

دہشت گردی کے امور اور یرغمالیوں سے متعلق بات چیت کے ایک ماہر اور امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کی ویک فارسٹ یونیورسٹی میں کمیونیکشن کے پروفیسر رینڈل روگن کا کہنا ہے کہ میں اس طرح کے واقعات کو مقامی دہشت گردی کے زمرے میں شمار کروں گا۔ سیاسی مقاصد کے لیے غیر فوجی افراد کے خلاف تشدد یا تشدد کی دھمکی کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرنے کو سامنے رکھا جائے تو بڑے پیمانے پر اس کا استعمال مذہبی، سماجی اور نظریاتی مقاصد کے لیے ہوتا رہا ہے اور اس کی نوعیت مقامی ہوتی ہے۔

وہ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ عالمی سطح پر دہشت گردی کی کوئی تسلیم شدہ تعریف نہیں ہے اور یہ ایک مبہم چیز ہے۔

جیمز ایورٹ کو سابق صدر اوباما اور اعلیٰ امریکی عہدے داروں کو خط کے ذریعے زہر بھیجنے کے جرم میں عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ مئی 2014
جیمز ایورٹ کو سابق صدر اوباما اور اعلیٰ امریکی عہدے داروں کو خط کے ذریعے زہر بھیجنے کے جرم میں عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ مئی 2014

امریکہ نے سن 2001 میں 11 ستمبر کے حملوں کے بعد پیڑیاٹ ایکٹ منظور کیا تھا جس میں مقامی دہشت گردی کی وضاحت اس طرح کی گئی کہ ایسی کارروائیاں جو انسانی جان کے لیے خطرناک ہوں، یا جس کا مقصد لوگوں کو ڈرانا دھمکانا، خوف زدہ کرنا اور ان پر دباؤ ڈالنا ہو، خوف اور دباؤ کے ذریعے حکومت کی پالیسی پر اثر ڈالنا ہو، یا بڑے پیمانے پر تباہی، قتل یا اغوا کے ذریعے حکومت کے عمل کو متاثر کرنا ہو۔

امریکہ میں ڈاک کے ذریعے حملوں کی نوعیت چاہے کچھ بھی ہو، وہ لیکن نئے نہیں ہیں۔ امریکہ کا محکمہ ڈاک، اعلیٰ امریکی عہدے داروں کو مشکوک پیکیٹ بھیجنے کے لیے طویل عرصے سے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

امریکی نیوی کے ایک سابق فوجی ولیم کلیڈ ایلن پر اکتوبر کے شروع میں صدر ٹرمپ اور دوسرے اعلیٰ امریکی عہدے داروں کو ڈاک کے ذریعے ہلاکت خیر مواد بھیجنے کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔

اس سال مارچ میں آسٹن ٹیکساس میں دو افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کے گھروں پر دھماکہ خیز پیکٹ موصول ہوئے۔ اس سلسلے میں مارک اینتھونی نے، جس کی شناخت بم بھیجنے والے شخص کے طور پر کی گئی تھی، اس وقت خود کو ہلاک کر دیا جب پولیس اسے پکڑ نے والی تھی۔

ڈاک کے ذریعے بم بھیجنے کے شبہے میں فلوریڈا سے گرفتار کیا جانے والا شخص سیزر سیاک۔ اکتوبر 2018
ڈاک کے ذریعے بم بھیجنے کے شبہے میں فلوریڈا سے گرفتار کیا جانے والا شخص سیزر سیاک۔ اکتوبر 2018

سن 2013 میں ٹیکساس کی ایک اداکارہ شینن رچرڈ سن نے اس وقت کے صدر براک اوباما اور نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ کو زہر کے ساتھ خط بھیجے تھے۔ اسے 18 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

اسی سال جیمز ایورٹ نے بھی صدر اوباما اور دوسرے امریکی عہدے داروں کو اسی طرح کے خط کے ذریعے زہر بھیجا گیا تھا جسے بعد میں 25 سال قید کی سزا ہوئی۔

اسی طرح کے اور بھی کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، لیکن ان میں سے کسی کے خلاف بھی دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی گئیں۔

پٹریاٹ ایکٹ بنیادی طور پر محکمہ انصاف کے حکام کو ان افراد یا گروپس کی تحقیقات کرنے کا اختیار دیتا ہے جو کسی ایسے گروپ سے منسلک ہوں جنہیں محکمہ خارجہ نے غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کے طور پر اپنی فہرست میں شامل کیا ہو۔ وفاقی قانون کے مطابق کسی شخص پر دہشت گردی کی دفعہ لگانے کے لیے ضروری ہے کہ مشتبہ شخص دہشت گردی کی فہرست میں شامل گروپس کی طرف سے یہ کام کر رہا ہو۔

واشنگٹن میں قائم ایک تھینک ٹینک نیو امریکہ کے تجزیہ کار ڈیوڈ سٹیرمن کہتے ہیں کہ مقامی دہشت گردی کا معاملہ بحث طلب ہے اور اسے ایک حساس معاملے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس مقامی دہشت گردی پر کوئی مخصوص قانون نہیں ہے۔ نفرت اور دہشت گردی پر مبنی جرائم میں فرق پر امریکہ میں ہمیشہ اختلاف رہا ہے۔

ایک اور تھینک ٹینک فرڈھام لا کے ڈائریکٹر کرین گرین برگ کا کہنا ہے کہ ہمارے قوانین سیاسی تشدد کے حوالے سے ہیں اور اگر طویل مدت کی سزائیوں کو پیش نظر رکھا جائے تو وہ قوانین کافی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا نہیں خیال کہ ہمیں مقامی دہشت گردی کے لیے نئے قوانین کی ضرورت ہے اور اس کی وجہ یہاں کا سیاسی ماحول ہے۔

ستمبر 2017 میں ٹرمپ نے کانگرس کی ایک مشترکہ قرارداد پر دستخط کر کے اسے قانون کی شکل دی تھی جس میں شارلٹس ول ورجینیا میں تشدد کی مذمت کی گئی ہے۔ اس واقعہ میں ایک تیز رفتار کار ڈرائیور نے اپنے مخالفین پر کار چڑھا کر ایک شخص کو ہلاک اور 19 کو زخمی کر دیا تھا۔ اس قرار داد میں اس واقعہ کو مقامی دہشت گردی کہا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG