رسائی کے لنکس

سانحہ احمدپورشرقیہ کے متاثرین کے لیے جلد کی پیوندکاری کا عطیہ


لیبارٹری میں ٹسو میچنگ کی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو
لیبارٹری میں ٹسو میچنگ کی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو

جدید ترین ٹیکنالوجی سے تیار کیے گئے یہ ٹشوز  شدید  جلنے والے مریضوں کے علاج میں بے حد معاون ثابت ہوتے ہیں۔

سمیرا لطیف

امریکہ کی ایک غیر سرکاری تنظیم نے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر کی آگ کے سولہ متاثرین کے علاج کے لیے جلدکی پیوندکاری کے ٹشوز کے عطیے کا اعلان کیا ہے۔

کمیونٹی ٹشو سروس نامی تنظیم نے پنجاب حکومت سے رابطہ کر کے عطیہ کا علان کیا ، عطیہ کردہ ٹشوز اتوار تک پاکستان پہنچ جائیں گے۔

کمیونٹی ٹشو سروس نامی امریکی تنظیم جلد کی پیوند کاری کے لیے ٹشو فراہم کرنے والےدنیا کے سب سے بڑے بینک کی حیثیت رکھتی ہے اور ہر سال دنیا کے مختلف ملکوں میں 47 ہزار سے زائد سکن گرافٹس فراہم کرتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے تیار کیے گئے یہ ٹشوز شدید جلنے والے مریضوں کے علاج میں بے حد معاون ثابت ہوتے ہیں۔

25 جون کو بہاولپور کے قریب احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر الٹنے اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے اب تک 192 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں ۔ جبکہ 80 سے زائد افراد جلنے کے باعث شدید زخمی ہیں۔

جناح اسپتال لاہور کے ایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین کے مطابق امریکی تنظیم کی جانب سے دیئے گئے گرافٹس کو متاثرین تک پہنچانے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

یہ گرافٹ برن یونٹ جناح اسپتال، ملتان برن سنٹر اور بہالپور وکٹوریہ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو لگائے جائیں گے۔

شیخ زید اسپتال لاہور کے چیرمین اور سکن سپیشلسٹ ڈاکٹر فرید احمد نے سکن گرافٹنگ کی ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا کہ یہ بہت مہنگا طریقہ علاج ہے جو پاکستان میں استعمال نہیں ہوتا، لیکن اس سے جلے ہوئے مریضوں کی بحالی میں بہت مدد ملتی ہے۔

XS
SM
MD
LG