رسائی کے لنکس

logo-print

باکسر عامر خان کی اہلیہ، فریال کا یوٹیوب پر چینل کا آغاز


اس چینل پر فریال خوبصورتی، فٹنس اور فیشن کی مہارت سےمتعلق ٹیوٹوریل پیش کریں گی، اور اپنے شوہر عامر خان اور بیٹی کے ساتھ اپنی روزمرہ مصروفیات کےحوالےسے متعلق مواد کا اشتراک کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں

بین الاقوامی شہرت یافتہ برطانوی باکسر، عامرخان کی اہلیہ فریال مخدوم نے ویڈیو شیئرنگ کی معروف ویب سائٹ یوٹیوب پراپنا ذاتی چینل قائم کیا ہے، جہاں وہ اپنی نجی زندگی اور فیشن کےحوالے سے مداحوں کے ساتھ ویڈیوز کا اشتراک کریں گی۔

اپنے شائقین کی نظروں میں، اپنی خوبصورتی اور فیشن کےانداز کے باعث، فریال ایک مثال کا درجہ رکھتی ہیں۔

فریال نے یہ بات اپنی ذاتی ویب سائٹ پر شائع اعلان میں کہی ہے۔

23 سالہ فریال مخدوم نے نئی آن لائن ویڈیو چینل کےذریعےمداحوں کےساتھ اپنی نجی زندگی کی ایک جھلک دکھانے کا وعدہ کیا ہے۔

اس چینل پر فریال خوبصورتی، فٹنس اور فیشن کی مہارت سےمتعلق ٹیوٹوریل پیش کریں گی، اور اپنے شوہر عامر خان اور بیٹی کے ساتھ اپنی روزمرہ مصروفیات کےحوالےسے متعلق مواد کا اشتراک کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں۔

باکسنگ کے میدان کے مایہ ناز باکسر، عامرخان اولمپک میں نقرئی تمغہ یافتہ ہیں۔ انھیں دو بار لائٹ ویٹ ورلڈ چمپئین رہنےکا اعزاز بھی حاصل رہا ہے۔

فریال اور عامرخان کی شادی سنہ2012 میں نیویارک میں ہوئی تھی اور اب دونوں ایک آٹھ ماہ کی بیٹی لامیئسہ کے والدین بن چکے ہیں۔

فریال نیویارک میں پلی بڑھی ہیں اور شادی کے بعد برطانیہ میں مقیم ہیں۔ انھیں پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس ہوتا ہے،جو اکثر ان کے جمالیاتی ذوق میں بھی جھلکتا دکھائی دیتا ہے۔

پولیٹیکل سائنس اور صحافت میں تعلیم حاصل کرنے والی فریال ایک بیوی اور ماں کی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ فارغ وقت میں اپنے میک اپ اور فیشن کے رجحان سے متعلق معلومات کو چینلائز کرنا چاہتی ہیں اور اسی شوق کو مدنظر رکھتے ہوئے، یوٹیوب پر ایک چینل لانچ کیا ہےاس کےعلاوہ ایک ویب سائٹ بھی قائم کی گئی ہے۔

58سکینڈ پر مشتعمل پہلی ویڈیو میں فریال مخدوم نے ناظرین کے سامنے اپنا تعارف پیش کیا ہے، اور ساتھ ہی، اپنی شخصیت کے ایک اور پہلو سے بھی پردہ اٹھایا ہے۔ اس ویڈیو میں وہ ہنسی مذاق کے موڈ میں نظر آرہی ہیں۔ اور، گھر میں داخل ہونے والےعامر خان کو چھپ کر ڈرانے کی کوشش کرتی ہیں۔

فریال ویڈیو کے مختصر تعارف میں کہتی ہیں کہ جیسا کہ صاف ظاہر ہےکہ میرے تلفظ سے آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ میرا تعلق نیو یارک سے ہے اور فی الحال میں برطانیہ میں رہتی ہوں۔

بقول اُن کے، ’میرا چینل ان تمام چیزوں سے متعلق ہے جن سے میں متاثر ہوں جیسا کہ میرا خاندان، صحت مند طرز زندگی اور خوبصورتی، اور یہ سب کچھ آپ کے ساتھ اشتراک کرنے کےحوالے سےمیں بہت پرجوش ہوں۔ اب آپ بھی میری اس مصروف ترین زندگی کا حصہ بننے کے لیے تیار ہوجائیے،جہاں آپ کی ملاقات دنیا کے مایہ ناز باکسر اور میرے شوہر عامر خان اور مجھ سے ہوگی اور یقینناً اس چینل پر ہر روز میک اپ کے نئےاسباق کا بھی اشتراک کیا جائے گا۔‘

فریال نے آخر میں کہا کہ انھیں امید ہے کہ مداح ان کےچینل کو پسند کریں گے اور ان کی رولرکوسٹر جیسی برق رفتار زندگی میں ان کےساتھ اپنی سواری کو بہت انجوائے کریں گے۔

یو ٹیوب پر27 جنوری 2015 ءکو لانچ ہونے کے 24 گھنٹے گزرنے سے پہلے تک قبل اس چینل نے 14,909 سبسکرپشن حاصل کر لی ہے،جبکہ 99,189 ویوز کے ساتھ اس چینل کو 3,333 بار پسندیدگی کی سند مل چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG