رسائی کے لنکس

امیتابھ اور ابھیشیک کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، اسپتال میں داخل


رتول جوشی/سہیل انجم

بالی ووڈ کے سپر اداکار، امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے اور معروف اداکار ابھیشیک دونوں ہی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انھیں ہفتے کی رات اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔

وائس آف امریکہ کی نامہ نگار نے نئی دہلی سے خبر دی ہے کہ امیتابھ ممبئی کی ''نانوتی اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں''۔

فلم اسٹار نے اس بات کی تصدیق اپنے ایک ٹوئٹ میں کی تھی، جو انھوں نے بھارتی وقت کے مطابق، رات کو 10 بج کر 52 منٹ پر جاری کی۔

امیتابھ نے بتایا کہ ''میرا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ مجھے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال نے حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ اہل خانہ اور عملے کے بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ نتائج کا انتظار ہے''۔

ایک مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر امیتابھ نے ان سب پرستاروں سے، جو پچھلے 10 دن کے دوران ان سے رابطے میں رہے، کہا ہے کہ وہ بھی اپنے ٹیسٹ کرا لیں۔

جوں ہی امیتابھ بچن کے بارے میں یہ خبر عام ہوئی، لوگوں کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں پر مبنی پیغام کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔

فلم اسٹار کنگنا رنوٹ سے لے کہ بپشا باسو اور کرکٹر عرفان پٹھان کے فوری پیغام موصول ہوئے، اور سب شائقین نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں کیں ہیں۔

سچین ٹنڈولکر سمیت متعدد بھارتی کرکٹرز اور سیاست دانوں نے بھی اپنے ٹوئیٹس میں امیتابھ کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان سے بھی، شائقین نے امیتابھ بچن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ کے سابق فاسٹ بالر، شعیب اختر نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے: ''امیت جی، جلد صحت یاب ہوں۔ سرحد پار تمام شائقین آپ کی صحت و تندرستی کے لیے دعاگو ہیں''۔

77 برس کے امیتابھ بچن نے 'گلابو ستابو' میں کام کیا ہے، جو 12 جون سے نمائش کے لیے ریلز ہوئی، جسے نیٹ فلیکس کے ویب اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے توسط سے پیش کیا گیا۔

سہیل انجم نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔ انھوں نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ ”میرے والد اور میرا دونوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ دونوں میں ہلکی علامات پائی گئی ہیں اور دونوں اسپتال میں داخل ہیں۔ ہم نے تمام متعلقہ اتھارٹیز کو مطلع کر دیا ہے اور ہمارے خاندان اور اسٹاف کے بھی ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ سب سے میری اپیل ہے کہ امن قائم رکھیں اور پریشان نہ ہوں۔ “

تاہم، اخبار 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق، جیہ بچن، ایشوریہ بچن اور ان کی بیٹی آرادھیہ کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

ابھیشیک بچن
ابھیشیک بچن

ابھیشیک نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ ہم بامبے میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے رابطے میں ہیں اور ان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں ایک پرائیوٹ نیوز چینل این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اب چیزیں کافی بدل گئی ہیں۔ وہ ماسک پہن کر گھر سے نکلتے ہیں۔ وہ ڈبنگ کے لیے جا رہے تھے۔ ڈبنگ اسٹوڈیو میں احتیاط برتی جا رہی تھی۔ مائکروفون سینیٹائز کیا جاتا تھا اور سماجی فاصلہ بنائے رکھا جاتا تھا۔

ادھر ناناوتی اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں داخل ہونے سے قبل امیتابھ بچن گھر میں قرنطینہ میں تھے۔

مارچ کی 25 تاریخ کو جب سے لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا امیتابھ بچن گھر ہی پر قیام کیے ہوئے تھے۔ البتہ، انھوں نے حال ہی میں مقبول سیریل 'کون بنے گا کروڑ پتی' اور دیگر پروجکٹوں کی پروموشنل شوٹنگ کی تھی۔

XS
SM
MD
LG