رسائی کے لنکس

امجد صابری کی آخری قوالی اگست میں منظر عام پر آئے گی


مئی میں قوالی کی ریکاڈنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امجد صابری نے انکشاف کیا کہ 40 سال قبل میرے والد غلام فرید صابری اور نصرت فتح علی خان کے والد نے ’آج رنگ ہے‘ کراچی کی ایک درگاہ پر گائی تھی اور اب 40 بعد میں نے اور راحت نے یہ کلام ایک ساتھ دوبارہ دوبارہ ریکارڈ کرایا ہے

مشہور قوال امجد صابری کی ناگہانی موت پر دنیا بھر میں پھیلے ان کے پرستار اور چاہنے والے اب تک صدمے میں ہیں۔ لیکن، ان پرستاروں کے لئے یہ خبر کچھ ڈھارس کا سبب ہوگی کہ وہ جلد اپنے پسندیدہ قوال کی نئی ویڈیو میں انہیں پوری آب و تاب سے پرفارم کرتا دیکھ سکیں گے۔

موسیقی کے مشہور پروگرام ‘کوک اسٹوڈیو‘ کے گزشتہ سیزن میں عاطف اسلم نے صابری گھرانے کی شہرہ آفاق قوالی ’تاجدارحرم‘ گائی تو ایک بار پھر گلی محلوں میں یہ قوالی صبح شام گونجنے لگی۔

اس پر ’کوک اسٹوڈیو‘ کے منتظمین نےسیزن نائن میں پرفارم کرنے کے امجد صابری کو منتخب کیا اور یہی پرفارمنس امجد صابری کی کوک اسٹوڈیو کے لئے پہلی اور آخری پرفارمنس ثابت ہوئی۔

امجد صابری نے راحت فتح علی خان کے ساتھ مشہور قوالی ’آج رنگ ہے‘ ریکارڈ کرائی تھی۔

مئی میں قوالی کی ریکاڈنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امجد صابری نے انکشاف کیا کہ 40 سال قبل میرے والد غلام فرید صابری اور نصرت فتح علی خان کے والد نے ’آج رنگ ہے‘ کراچی کی ایک درگاہ پرگائی تھی اور اب 40 بعد میں نے اور راحت نے یہ کلام ایک ساتھ دوبارہ ریکارڈ کرایا ہے۔

کوک اسٹوڈیو کے ایک منتظم کا کہنا ہے کہ بہت سے دیگر آرٹسٹوں کے برعکس امجد صابری اور راحت فتح علی خان نے ’آ?ج رنگ ہے‘ کی ریکاڈنگ میں بار بار ری ٹیکس لینے کے بجائے ایک ہی دفعہ میں قوالی ریکارڈ کرادی تھی۔

امجد صابری کی’ آج رنگ ہے‘ 14 اگست کو شائقین کے لئے پیش کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG