رسائی کے لنکس

مصر: پولیس اور فوج کے احتساب کا مطالبہ


'ایمنسٹی انٹرنیشنل' نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مصری پولیس پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے حکومت کو پولیس کے ادارے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنی ہوں گی۔

انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرمِ عمل بین الاقوامی تنظیم 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' نے مصر کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ 'عرب اسپرنگ' کے سلسلے میں ہونے والے مظاہروں کے شرکا پر تشدد کے ذمہ دار پولیس اور فوجی اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

تنظیم کے لندن میں قائم صدر دفتر کی جانب سے منگل کو جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی سابق حکمران فوجی کونسل کے دور میں ہونے والے عوامی مظاہروں کے شرکا کو مصری فوجی اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا، قتل کیا اور ان کے حقوق پامال کیے ۔

رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہرین کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے لیکن مظاہرین پر تشدد کرنے والے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف آزاد شہری عدالتوں میں کوئی قانونی کاروائی نہیں کی گئی۔

'ایمنسٹی' نے منگل کو مصر کی صورتِ حال سے متعلق ایک دوسری رپورٹ بھی جاری کی ہے جس میں مصر کی تین اہم پولیس فورسز کی جانب سے مظاہرین پر تشدد، ان کی جبری گرفتاریوں اور احتجاجی مظاہروں پر براہِ راست فائرنگ جیسے واقعات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مصری پولیس پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے حکومت کو پولیس کے ادارے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنی ہوں گی۔

'ایمنسٹی انٹرنیشنل' نے مصر کے صدر محمد مرسی کی جانب سے فوجی دورِ اقتدار میں احتجاجی مظاہرین کی ہلاکتوں کے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیشن کو وقت، وسائل اور اختیارات دینے کی سفارش کی ہے تاکہ وہ اپنا فرض انجام دے سکے۔
XS
SM
MD
LG