رسائی کے لنکس

انگلش فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن تاریخ رقم کرنے کے قریب


جنوبی افریقہ کے کولن انگرام کو آؤٹ کرنے کے بعد، اینڈرسن خوشی کا اظہار کرتے ہوئے
جنوبی افریقہ کے کولن انگرام کو آؤٹ کرنے کے بعد، اینڈرسن خوشی کا اظہار کرتے ہوئے

2007ء میں اپنا کرکٹ کیریر ختم کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین مک گرا نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 563 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تاہم اب توقع ہے کہ جب بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھمپٹن میں چوتھا ٹیسٹ شروع ہوگا تو اُنہیں اس اعزاز سے ہاتھ دھونا پڑے گا

انگلش فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کامیاب فاسٹ بولر بننے کے لئے صرف 7 وکٹیں درکار ہیں، اس وقت یہ ریکارڈ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین مک گرا کے پاس ہے۔

2007ء میں اپنا کرکٹ کیئریر ختم کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین مک گرا نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 563 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تاہم اب توقع ہے کہ جب بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھمپٹن میں چوتھا ٹیسٹ شروع ہوگا تو اُنہیں اس اعزاز سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ سے بات کرتے ہوئے مک گرا کا کہنا ہے کہ وہ جیمس اینڈرسن کا بہت احترام کرتے ہیں اور اُن کے لئے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ایک بار انہوں نے مجھے پیچھے چھوڑ دیا تو پھر یہ ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکے گا۔

مک گرا کا کہنا تھا کہ ریکارڈز بننا اچھی بات ہے اور مجھے ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ بنانے پر فخر ہے۔ لیکن ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لئے ہیں، اور جب جیمس اینڈرسن یہ ریکارڈ توڑے گا تو مجھے اُس پر بھی برابر فخر ہوگا، کیونکہ فاسٹ بولرز ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، چاہے اُن کا تعلق کسی بھی ملک سے ہوگا۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر نے اینڈرسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بال کو دونوں جانب سوئنگ کرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور یہی فاسٹ بولر کا حقیقی ہنر ہےجو بہت سے بولرز کے پاس نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ صرف وسیم اکرم دوسرے بولر ہیں جو دونوں جانب سوئنگ کرنے کا فن جانتے ہیں۔

گلین مک گرا نے مزید کہا کہ اینڈرسن کی عمر 36 سال ہے۔ لیکن، وہ 32 سال کے لگتے ہیں۔ دو ہفتے قبل انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی برطانوی بولر کی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔

فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن اب تک 141 ٹیسٹ میچوں میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 26 اعشاریہ 85 کی اوسط سے 557وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، انہوں نے کسی بھی ٹیسٹ میں 26 مرتبہ پانچ وکٹیں اور تین مرتبہ 10وکٹیں لیں۔

جیمس اینڈرسن ایک سے زائد ملکوں آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف 100،100 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ٹیسٹ 30 اگست سے ساؤتھمپٹن میں شروع ہو رہا ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ جیمس اینڈرسن اس میچ میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین فاسٹ بولر بنتے ہیں یا اُنہیں اگلے ٹیسٹ کے لئے انتظار کرنا پڑے گا جو 7 ستمبر سے لندن میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG