رسائی کے لنکس

پاکستانی سانگ ’ان کہی‘ لکس ایوارڈ کے لئے نامزد


پاکستان کے معاشی اور سیاسی حالات پر بنائے گئے اس گانے کی کاسٹ اور کریو ممبرز کو ملا کر 120لوگوں نے حصہ لیا ہے۔

پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں سب سے زیادہ معتبر سمجھے جانے والے ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ میں نامزدگی پانا بھی کسی اعزاز سے کم نہیں کیوں کہ ایوارڈز جیتنے کی دوڑ میں مقابلہ بڑا سخت ہوتا ہے۔۔اور اگر کوئی گانا ’سونگ آف دی ائیر‘ کے لئے نامزد کیا جائے تو اس کا مطلب ہے کہ گانے کی وڈیو، بول اور موسیقی سب شاندار ہے۔

لاہور میں 1993میں بننے والے میوزک بینڈ ’اوور لوڈ‘ کا گانا ’ان کہی‘ بھی لکس اسٹائل ایوارڈز جیتنے کے لئے ایک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے۔ گانے کے پروڈیوسر، ڈرمر اور لیڈ ووکلسٹ فرہاد ہمایوں بیسٹ ویڈیو ڈائریکٹر کی کیٹیگری میں بھی نامزدگی حاصل کرچکے ہیں۔ فرہاد کے لئے لکس ایوارڈز کی یہ ساتویں نامزدگی ہے جبکہ 2006سے لے کر 2013تک یہ چوتھی مرتبہ ہے جب انہیں ’اوور لوڈ ‘لکس ایوارڈز کے لئے نامزد کیا گیا۔

مقبول ِعام ایوارڈز میں بہت سے بہترین اور اپنے کام میں ماہر لوگوں کے ساتھ مقابلہ کرنا کسی بھی آرٹسٹ کے لئے بذات ِخود خوشی اور فخر کا لمحہ ہوتا ہے۔ لکس ایوارڈز کی نومینیشن پانے کے بعد فرہاد ہمایوں نے اپنے تاثرات وی او اے سے شیئر کرتے ہوئے کہا کہ، ’’لکس اسٹائل ایوارڈز میں نامزدگی ایک خوشگوار سرپرائز ثابت ہوئی۔ اس لئے نہیں کہ میں ساتویں دفعہ ایوارڈز کی دوڑ میں شامل ہوا بلکہ اس لئے کہ اب ہمارے آڈئینز اور نقادوں نے بھی ’انٹرٹینمنٹ‘ پر ’آرٹ‘ کو ترجیح دینا شروع کردی ہے۔اس خوشی کے آگے ہارجیت اب اتنا بڑا مسئلہ نہیں رہی۔۔آرٹ کو عوام اور کریٹکس کی سرپرستی ملنا شروع ہو گئی یہ اہم بات ہے۔۔


پبلسٹی فرم ’پچ میڈیا‘ نے وائس آف آمریکہ کو بتایا ’ان کہی‘ کے بول طاہر شہیر نے لکھے ہیں جب کہ اس کی ویڈیو شوٹنگ صرف تین دن میں مکمل کی گئی۔ پاکستان کے معاشی اور سیاسی حالات پر بنائے گئے اس گانے کی کاسٹ اور کریو ممبرز کو ملا کر 120 لوگوں نے حصہ لیا۔

ان کہی‘ کے وڈیو میں شائقین پاکستان کے لیجنڈری فنکاروں ندیم، نگہت چوہدری اور نوید شہزاد کی متاثرکن پرفارمنس کا لطف اٹھا سکیں گے۔

اوور لوڈ“ کے اب تک دو اسٹوڈیو البم اور ایک لائیو البم مارکیٹ میں دھوم مچا چکے ہیں۔ان کے پہلے البم ’ اوورلوڈ‘ کا ٹائٹل سونگ میوزک چارٹس میں پہلے نمبر پر رہا۔

اوورلوڈ“ کی شہرت پاکستان تک ہی محدود نہیں بلکہ دنیا کے مختلف ملکوں میں ہونے والے فیسٹیولز میں بھی ’اوور لوڈ‘ اپنے میوزک سے فینز کی تعداد میں اضافہ کرچکا ہے۔’ اوور لوڈ‘ نے اب تک جن ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ان میں جاپان، سری لنکا، ناروے، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG