رسائی کے لنکس

logo-print

ہارر فلمیں پسند کرنے والوں کے لئے نیا تحفہ: 'اینابیل‘


جون اورمیا کو انتظار ہے اپنے آنے والے بچے کا۔ اسی دوران جون اپنی بیوی کے لئے ایک پرانی لیکن قیمتی گڑیا گھرلے آتا ہے۔ میا، گڑیا کو دیکھ کر خوش ہوجاتی ہے۔ مگر اس کی خوشی زیادہ دن قائم نہیں رہ پاتی، کیونکہ گڑیا کے گھرآتے ہی غیرمعمولی واقعات کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے

کراچی ۔۔۔ ہالی وڈ میں غیرمرئی قوتوں پر بنی فلمیں شروع ہی سے مقبولیت حاصل کرتی آئی ہیں۔ تاریک تھیڑ کے خنک ماحول میں نیم تاریک اسکرین پر مافوق الفطرت مخلوق سے انسانوں کی لڑائی پورے جسم میں خوف کی لہر دوڑاتی اور فلم دیکھنے والوں کی دلچسپی بڑھاتی ہے۔

کامیاب ہالی وڈ ہارر فلموں کی لسٹ میں جس تازہ ترین فلم کا اضافہ ہوا ہے وہ ہے۔۔۔۔ ’اینابیل‘۔۔ جس کی کہانی ایک ایسے جوڑے کے گرد گھومتی ہے، جسے ایک گڑیا کی وجہ سے خوفناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایک دوسرے کے ساتھ خوشی خوشی زندگی گزارنے والے جون اور میا کو انتظار ہے اپنے آنے والے بچے کا۔اسی دوران، جون جو ایک فزیشن ہے گڑیوں کی شوقین اپنی حاملہ بیوی کے لئے ایک پرانی لیکن قیمتی گڑیا گھرلے آتا ہے۔ میا، گڑیا کو دیکھ کر خوش ہو جاتی ہے۔ مگر اس کی خوشی زیادہ دن قائم نہیں رہ پاتی، کیونکہ گڑیا کے گھر آتے ہی غیرمعمولی واقعات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔

دلہن کے خوبصورت سفید لباس میں ملبوس گڑیا ’اینابیل‘ پر دراصل قبضہ ہوتا ہے شیطانی قوتوں کا، جو ہر قیمت پر میا اور اس کے ہونے والے بچے کی جان لینے پر تل جاتی ہیں۔

شیطانی قوتوں سے اپنی اور اپنے بچے کی جان بچانے کی جدوجہد میں میا علاقے کے پادری فادر پیریز اور بک شاپ کے مالک ایولن کی مدد حاصل کرتی ہے جو ماضی میں شیطانی قوتوں کے ہاتھوں نقصان اٹھا چکا ہوتا ہے۔

’انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس‘ پر دی گئی معلومات کے مطابق، ’اینابیل‘ کو ڈائریکٹ کیا ہے جون آر لیونیٹی نے اور کہانی لکھی ہے گیری ڈوبرمین نے جبکہ کاسٹ میں شامل ہیں وارڈ ہورٹن،اینابیل ویلس اورالفرے ووڈرڈ۔

امریکی باکس آفس پر3 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بننے والی ’اینابیل‘ ہارر فلموں کے شائقین میں اسپیشل لائٹننگ افیکٹس اور کیمرہ ورک کی وجہ سے بہت پسند کی جارہی ہے۔

’اینابیل‘ پاکستان میں جمعہ17اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔

XS
SM
MD
LG