رسائی کے لنکس

'آفریدی تو آفریدی ہوتا ہے شاہد ہو یا شاہین'


شاہین شاہ آفریدی نے میچ کو ڈرا تو کیا لیکن سپر اوور میں لاہور کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شاہین شاہ آفریدی نے میچ کو ڈرا تو کیا لیکن سپر اوور میں لاہور کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کا میلہ جاری ہے اور شائقین کو روز دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں البتہ پیر کو کھیلے گئے میچ میں آخری اوور نے شائقین کو 'بوم بوم' کہلانے والے شاہد آفریدی کی یاد دلادی۔

یہ آخری اوور کھیلنے والے کوئی اور نہیں بلکہ شاہین شاہ آفریدی تھے جو نہ صرف ایک بہترین فاسٹ بالر ہیں بلکہ لاہور قلندرز کی ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔

پیر کو کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کو پشاور زلمی کے خلاف جیت کے لیے چھ بالز پر 24 رنز درکار تھے۔ کیریز پر موجود تھے شاہین شاہ آفریدی اور دوسری طرف فواد احمد ان کا ساتھ دے رہے تھے۔

بالر محمد عمر کی جانب سے آخری اوور کی پہلی گیند وائٹ بال ہوئی جس کے بعد لاہور کو جیت کے لیے 23 رنز کی ضرورت تھی۔ اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ شائقین کو کافی عرصے تک یاد رہے گا۔

شاہین شاہ آفریدی نے پہلی گیند پر چوکا مار کر جیت کے لیے درکار رنز کو 19 تک محدود کردیا جس کے بعد دوسری اور تیسری گیند پرانہوں نے چھکےلگا کر میچ کو دلچسپ موڑ پر لاکھڑا کیا۔

لاہور کو جیت کے لیےاب تین گیندوں پر سات رنز درکار تھے کہ محمد عمر نے دو گیندیں ڈاٹ کرا کر میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔قلندرز کو آخری گیند پر جیت کے لیے سات رنز درکار تھے کہ شاہین شاہ آفریدی نے چھکا لگا کر میچ برابر کردیا۔

شاہین نے نہ صرف چھکا لگایا بلکہ اس کے بعد اس انداز میں خوشی کا اظہار کیا جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کرتے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی کی برق رفتار اننگز اور خوشی کا یہ اندازسوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے اور ان کا نام پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔

خود پاکستان سپر لیگ اور شاہد آفریدی نے ان کے اس انداز کی تصویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

شاہد آفریدی نے ٹوئٹ میں ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اور شاہین آفریدی دونوں ایک جیسے ہی انداز میں خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

آفریدی نے لکھا کہ ''شاہین آفریدی یو بیوٹی!''

ادھر پاکستان سپر لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹس میں لکھا گیا کہ ''آفریدی بنو، بہت زیادہ آفریدی بنو۔'' پی ایس ایل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس اوور کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں شاہین آفریدی نے 22 رنز اسکور کیے اور اسکور برابر کیا۔

اسپورٹس کی ویب سائٹ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ نے بھی شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ''ایک جیسی ہی اینرجی۔''

لاہور قلندرز کا حصہ رہنے والےافغان اسپنر راشد خان نے شاہین آفریدی کی اننگز پرانہیں داد دیتے ہوئے لکھا کہ ''شاہینا۔''

ایک ٹوئٹر صارف عمران احمد خان نے ایک ٹوئٹ کیا کہ ''آفریدی تو آفریدی ہوتا ہے، شاہد ہو یا شاہین۔''

سوشل میڈیا صارف ارسلان نصیر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ شاہین آفریدی! سسر والی اننگز کھیلتے ہوئے۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان رشتے داری بھی ہے۔ شاہین آفریدی شاہد آفریدی کے ہونے والے داماد بھی ہیں۔

ٹوئٹر پر خلیج میگ کے اکاؤنٹس سے دونوں کھلاڑیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ''سسر کی طرح، داماد کی طرح۔''

پاکستان میں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی نے ایک ٹوئٹ کیا کہ شاہین آفریدی ایک ابھرتا ہوا اسٹار ہے۔

مصطفیٰ عابد نامی ایک صارف نے شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی نام، ایک ہی نمبر بس نیا دور۔

مظہر ارشد نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ''ناقابلِ یقین! شاہین آفریدی آخری اوور میں 23 رنز بنا کر میچ کو سپر اوور تک لے گئے۔ کیا ہمارے پاس نیا بوم بوم آفریدی آ گیا ہے؟''

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے میچ کو ڈرا تو کیا لیکن سپر اوور میں لاہور کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور کی ٹیم نے سپر اوور میں پہلے کھیلتے ہوئے چھ گیندوں پر چھ رنز بنائے جو پشاور زلمی کی ٹیم نے دو گیندوں پر ہی پورے کرلیے۔

XS
SM
MD
LG