رسائی کے لنکس

پشاور: 'غیرت کے نام پر' باپ نے بیٹی کو قتل کر دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لڑکی کی والدہ کے مطابق اس کے شوہر نے غصے میں آکر شکیل کو پستول سے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جس پر لڑکی نے وہاں سے بھاگنا شروع کیا تو اس کے والد نے بیٹی کو بھی گولیاں ماریں

پاکستان کے شمال مغربی شہر پشاور میں غیرت کے نام پر قتل کے ایک تازہ واقعے میں ایک باپ نے اپنی بیٹی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

پشاور کے علاقے دیر کالونی کی رہائشی ایک خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر نے 16 سالہ بیٹی کو ایک شخص کے ساتھ اپنی مرضی سے جانے پر قتل کیا۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق مقتول لڑکی کے گھر سے غائب ہونے پر اس کے گھر والوں نے تلاش شروع کی اور اسے شہر کے ایک دوسرے علاقے میں شکیل نامی شخص کے ساتھ موجود پایا۔

لڑکی والے اسے سمجھا بوجھا کر گھر واپس لا رہے تھے کہ دیر کالونی پہنچنے پر انھوں نے دیکھا کہ شکیل بھی ان کے پیچھے آرہا تھا۔

لڑکی کی والدہ کے مطابق اس کے شوہر نے غصے میں آکر شکیل کو پستول سے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جس پر لڑکی نے وہاں سے بھاگنا شروع کیا تو اس کے والد نے بیٹی کو بھی گولیاں ماریں جس سے وہ بھی موت کا شکار ہو گئی۔

پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کوئی غیر معمولی معاملہ نہیں اور غیر سرکاری تنظیموں کے مطابق گزشتہ سال ایک ہزار کے لگ بھگ خواتین کو غیرت کے نام پر ان کے خاندان والوں نے موت کے گھاٹ اتارا۔

غیرت کے نام پر قتل یا تشدد کے خلاف ایک مسودہ قانون بھی پارلیمان میں پیش کیا جا چکا ہے لیکن تاحال اس کی منظوری پر پیش رفت ہونا باقی ہے۔

ملک کے وزیراعظم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ گھناؤنے فعل کے خاتمے کے لیے ان کی حکومت تمام ممکنہ اقدام کرے گی۔

XS
SM
MD
LG