رسائی کے لنکس

میک بک پرو کے دو ماڈلز متعارف


میک بک پرو کے آرڈر فوری طور پر کیے جا سکتے ہیں اور یہ 26 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے۔
میک بک پرو کے آرڈر فوری طور پر کیے جا سکتے ہیں اور یہ 26 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے۔

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی نئی نوٹ بک 'میک بک پرو' متعارف کرا دی ہے۔ اس بار ایپل نے اس میں نہ صرف فیچرز کی تبدیلی کی ہے بلکہ اس کی قیمت بھی اس کے نام کی طرح 'پرو' رکھی گئی ہے۔

ایپل نے پیر کو ایک آن لائن ایونٹ میں میک بک پرو کے دو ماڈل پیش کیے ہیں جو 14 اور 16 انچز کے اسکرین ڈسپلے کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔ نئے میک بک پرو کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں ایپل نے اپنی تیار کی گئی چپس کا استعمال کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق ان نئے میک بک پرو کو خاص طور پر ڈویلپرز، فوٹو گرافرز، فلم سازوں، تھری ڈی آرٹسٹس اور دیگر شعبے سے وابستہ ایسے افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے جو ایک بہتر نوٹ بک کے خواہش مند ہیں۔

ان نئے میک بک پرو میں ڈسپلے سے لے کر بیٹری تک سب کچھ اپ گریڈ کیا گیا ہے اور اس میں ایپل کے مطابق بہترین چپس کا استعمال کیا گیا ہے جو بیٹری پر بھی پراسیسنگ، گرافکس اور مشین لرننگ میں بہتر کارکردگی دکھائیں گی۔

ایپل میک بک پرو میں نیا کیا ہے؟

ایپل نے اپنے نئے میک بک پرو کے دونوں سائزز میں نئی 'ایم ون پرو' اور 'ایم ون میکس' چپس کا آپشن دیا ہے۔ صارفین اپنی مرضی سے کسی بھی چپ کا انتخاب کرسکتے ہیں البتہ ایم ون میکس کے لیے اضافی قیمت ادا کرنا ہو گی۔

ایپل نے نئے میک بک پرو کے ڈسپلے میں اگرچہ سابق ماڈل کے مقابلے میں بیزل (اسکرین کے اطراف) کم کیے ہیں لیکن اس میں نوچ کو متعارف کرایا گیا ہے یعنی اسکرین کے درمیان ویب کیم کی جگہ کو نمایاں کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ نئے میک بک پرو میں 120 ہرٹز کا پروموشن ڈسپلے بھی دیا گیا ہے۔

میک بک پرو میں پورٹس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور ایچ ڈی ایم آئی پورٹ اور ایس ڈی کارڈ ریڈر کو دوبارہ میک بک کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ نئے میک بک پرو میں چارجنگ کے لیے میگ سیف تھری کنیکٹر بھی دیا گیا ہے۔ البتہ ایپل نے نئے میک بک پرو سے ٹچ بار کو ختم کردیا ہے۔

ایپل نے نئے میک بک پرو کے ماڈلز میں بیٹری کو بھی اپ گریڈ کیا ہے اور ایپل کا دعویٰ ہے کہ 14 انچ والے ماڈل میں 17 گھنٹے تک کا ویڈیو پلے بیک اور 11 گھنٹے تک وائرلیس براؤزنگ کی جاسکتی ہے جب کہ 16 انچ والے ماڈل یہ فیچر بالترتیب 21 اور 14 گھنٹے تک ہو سکتا ہے۔

ایم ون پرو اور ایم ون میکس چپس میں کیا فرق ہے؟

ایم ون پرو میں 8 سے لے کر 10 کور سی پی یو کا فیچر دیا گیا ہے جب کہ ایم ون میکس میں صرف 10 کور سی پی یو کا آپشن ہے۔ اسی طرح جی پی یو یعنی گرافکس پراسیسنگ یونٹس میں ایم ون پرو میں 14 سے 16 کور تک ہیں لیکن میکس میں ان کور کی تعداد 24 سے 32 کور تک بڑھائی گئی ہے۔

ایم ون پرو میں صارف 32 جی بی میموری تک اپ گریڈ کرسکتے ہیں جب کہ ایم ون میکس میں 64 جی بی تک اپ گریڈ کا آپشن بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ ایپل نے میک بک پرو کے دونوں سائزز میں آٹھ ٹیرا بائٹ اسٹوریج تک اپ گریڈ کی آپشن بھی دی ہے۔

ایم ون پرو میں 200 جی بی فی سیکنڈ تک کی میموری بینڈ وتھ کا آپشن ہے جب کہ میکس میں یہ رفتار 400 جی بی پر سیکنڈ تک ہو سکتی ہے۔

نئے میک بک پرو کی قیمت کیا ہے؟

ایپل نے جہاں نئے میک بک کے فیچرز کو بڑھایا وہیں اس کی قیمت کو بھی خاصا اپ گریڈ کیا ہے۔

چودہ انچ والے میک بک پرو کی قیمت ایک ہزار 999 ڈالرز جب کہ 16 انچ والے ماڈلز کی قیمت دو ہزار 499 ڈالرز سے شروع ہو گی۔

ان ماڈلز میں مزید اپ گریڈیشن پر اضافی رقم ادا کرنا ہو گی اور سب سے ہائی اینڈ میک بک پرو کی قیمت چھ ہزار 99 ڈالرز تک ہے۔

میک بک پرو کے آرڈر فوری طور پر کیے جا سکتے ہیں اور یہ 26 اکتوبر سے دستیاب ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG