رسائی کے لنکس

ایپل کے نئے آئی فون ماڈلز کی رونمائی 14 ستمبر کو متوقع


ایپل کے آئی فون کے دو ماڈل، آئی فون 12 پرو اور پرومیکس (فائل فوٹو)
ایپل کے آئی فون کے دو ماڈل، آئی فون 12 پرو اور پرومیکس (فائل فوٹو)

ڈیجیٹل دنیا کی ایک معروف کمپنی ایپل نے منگل کے روز کہا ہے کہ وہ 14 ستمبر کو ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کر رہی ہے جس کے متعلق مبصرین نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس تقریب میں ایپل اپنے نئے آئی فونز کی نمائش کرے گی۔

اس صنعت میں اگرچہ اب کئی اور ڈیجیٹل کمپنیاں بھی داخل ہو چکی ہیں لیکن ایپل کمپنی بدستور اپنی ایک الگ شناخت رکھتی ہے اور اس کی نئی مصنوعات کا صارفین کو انتظار رہتا ہے۔

ایپل کمپنی عموماً ستمبر کے لگ بھگ اپنے نئے آئی فون متعارف کراتی ہے اور 2013 سے یہ روایت برقرار چلی آ رہی ہے۔

ایپل نے گزشتہ سال فائیو جی کے ساتھ مکمل طور پر تبدیل شدہ ایک نیا آئی فون نمائش کے لیے رکھا تھا، جس کے پیش نظر بہت سے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ 14 ستمبر کے شو میں آئی فونز کی جو نئی لائن پیش کی جا رہی ہے، اس میں موجودہ ماڈل کے مقابلے میں جزوی نوعیت کا اضافہ اور ردوبدل متوقع ہے۔

جے پی مارگن کمپنی کے تجزیہ کار سیمک چیٹرجی نے لکھا ہے کہ فونز کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ 2021 میں فائیو جی کے اضافے کے ساتھ اپنے نقطہ عروج کو پہنچ چکا ہے، لیکن ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ نئے فونز میں درمیانی نوعیت کے اضافے ہوں گے اور 2022 میں بھی آئی فون بڑے پیمانے پر فروخت ہو گا۔

موجودہ سال آئی فون کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی فون کے کم قیمت ماڈل ایس ای کا اس فروخت میں نمایاں کردار ہے۔

مبصرین کو توقع ہے کہ آئی فون کی نئی لائن میں جو اضافہ کیے جا رہے ہیں ان کا تعلق فوٹو اور ویڈیو سے ہے۔ بلوم برگ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے آئی فونز میں پورٹریٹ فیچر کو ویڈیو تک بڑھا دیا گیا ہے اور ہائر کوالٹی کی ویڈیو ریکارڈنگ کو ممکن بنایا گیا ہے۔

ایپل کے نئے آئی فون 12 میں نیا کیا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:27 0:00

کیمرے میں پورٹریٹ موڈ اپنے فوکس کے چہرے کو نمایاں کرتا ہے جب کہ آس پاس کے مناظر کو دھندلا کر دیتا ہے جس سے تصویر زیادہ واضح اور نمایاں ہو جاتی ہے۔

اس فیچر کی مدد سے شوقیہ فوٹو گرافر بھی اعلیٰ معیار کی تصویریں کھینچنے کے قابل ہو جائیں گے۔

ستمبر کے وسط میں آئی فونز کی نئی لائن لانچ کرنے کا ایک اور مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ کمپنی کے مالی سال کی آخری سہ ماہی میں اس کی آمدنی میں اضافہ ہو، کیونکہ اس عرصے میں لاکھوں نئے صارف آئی فون خریدتے ہیں۔

گزشتہ سال ایپل نے نئے آئی فون کی لانچنگ کرونا وائرس کی وجہ سے ایک مہینے تاخیر سے کی تھی۔

ستمبر میں اس تقریب کا ایک فائدہ وال سٹریٹ کے تجزیہ کاروں کو بھی ہوتا ہے اور وہ ڈیجیٹل دنیا کی بڑی کمپنیوں میں شامل ایپل کی فروخت سے مستقبل سے متعلق اپنے مالیاتی تجزیے مرتب کرتے ہیں۔

یہ تقریب کیلی فورنیا کے کپرٹننو کے کیمپس میں منعقد کی جاتی ہے اور اس موقع پر سینکڑوں صحافی اور کیمرہ مین بھی موجود ہوتے ہیں اور کئی چینل اس تقریب کو براہ راست نشر کرتے ہیں۔ لیکن گزشتہ سال عالمی وبا کرونا وائرس کے پھیلاؤ نے اس لائیو ایونٹ کو ورچوئل میں تبدیل کر دیا تھا۔ اور اس سال بھی کوویڈ- 19 کے باعث یہ تقریب ورچوئل ہی ہو گی۔

(اس خبر کا کچھ مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG