رسائی کے لنکس

ارجنٹائن نیدرلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا


ورلڈ کپ کی تاریخ کا یہ پہلا سیمی فائنل تھا جس میں مقررہ اور اضافی وقت کے دوران دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں۔

برازیل میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹائن نیدرلینڈز کو پینلٹی ککس پر 2-4 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

ارجنٹائن کی ٹیم 24 سال بعد فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی جس میں اس کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔

ورلڈ کپ کی تاریخ کا یہ پہلا سیمی فائنل تھا جس میں مقررہ اور اضافی وقت کے دوران دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں اور میچ کا فیصلہ پیلنٹیز پر کیا گیا۔

بدھ کو ساؤپولو میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران ڈچ کھلاڑی گول پوسٹ پر کوئی قابلِ ذکر حملہ کرنے میں ناکام رہے اور ان کی بیشتر توجہ ارجنٹائن کو گول کرنے سے روکنے پر رہی۔

میچ کے اختتامی لمحات میں ارجن رابن کی جانب سے گول کی بہترین کوشش کو ارجنٹائن کے جاویئر مسشیرانو نے ناکام بنادیا۔

مقررہ اور اضافی وقت کے دوران ارجنٹائن کو بھی گول کرنے کا کوئی سنہری موقع ہاتھ نہ آسکا اور گول پوسٹ کی طرف ان کی پیش قدمی کی تمام کوششیں نیدرلینڈز کی دفاعی ٹیم نے ناکام بنادیں۔

اتوار کو ریوڈی جنیرو میں کھیلے جانے والے فائنل میں ارجنٹائن کی ٹیم جرمنی کے مدِ مقابل ہوگی جس نے منگل کو پہلے سیمی فائنل میں میزبان برازیل کے پرخچے اڑا دیے تھے اور میچ ایک کے مقابلے سات گول سے جیتا تھا۔

اس سے قبل 1986ء اور 1990ء کے ورلڈ کپس کے فائنل میں بھی جرمنی اور ارجنٹائن ایک دوسرے کے مدِ مقابل آچکی ہیں اور تاریخ میں پہلی بار دو ٹیمیں تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلیں گی۔

تیسری پوزیشن کے لیے برازیل اور نیدرلینڈز کا میچ ہفتے کو برازیلیا میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG