رسائی کے لنکس

'خبروں سے آگے' اب 'ایکسپریس نیوز' پر


'وائس آف امریکہ' کی اردو سروس کا مقبول ٹی وی پروگرام 'خبروں سے آگے' یکم دسمبر سے پاکستانی کیبل نیوز چینل 'ایکسپریس نیوز' سے نشر کیا جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل یہ شو 'جیو نیٹ ورک' سے پیش کیا جارہا تھا۔

'وائس آف امریکہ' کی اردو سروس کا مقبول ٹی وی پروگرام 'خبروں سے آگے' یکم دسمبر سے پاکستانی کیبل نیوز چینل 'ایکسپریس نیوز' سے نشر کیا جائے گا۔

اس سے قبل یہ شو 'جیو نیٹ ورک' سے پیش کیا جارہا تھا۔

'وائس آف امریکہ' کے جنوبی ایشیا ڈویژن کی ڈائریکٹر اسپوزمائی مائیونڈی نے 'جیو نیوز' کو ایک "مددگار شریکِ کار" قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون جاری رہے گا۔

'ایکسپریس نیوز' کی ترجمان نے 'وائس آف امریکہ' کے شو کو اپنے ٹی وی کے "پروگرامات میں ایک خوشگوار اضافہ" قرار دیا ہے۔

ترجمان سمیرا لطیف کا کہنا ہے کہ 'وی او اے' اور 'ایکسپریس نیوز' کے اشتراک سے دونوں اداروں کو ایک دوسرے کے وسائل اور مہارت سے استفادہ کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔

واضح رہے کہ 'خبروں سے آگے' وائس آف امریکہ کی اردو سروس کا سب سے اہم اور نمایاں نیوز شو ہے جس میں پاکستانی ناظرین کے لیے امریکہ کے حوالے سے اہم خبریں اور تفصیلی رپورٹیں پیش کی جاتی ہیں۔

آدھے گھنٹے کا یہ پروگرام 2005ء سے ہفتے میں پانچ روز- پیر تا جمعہ - نشر کیا جارہا ہے اور اس کے کئی سلسلے بشمول 'ہائو امریکہ ورکس'، ' میلٹنگ پوٹ' اور امریکی جامعات میں زیرِ تعلیم طلبہ کے حوالے سے خصوصی سیگمنٹ 'کیمپس' پاکستانی ناظرین میں خاصے مقبول ہیں۔

وائس آف امریکہ کی اردو سروس کے ریڈیو اور ٹی وی پروگرام 'اردو وی او اے' کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

XS
SM
MD
LG