رسائی کے لنکس

ملئے ۔۔یہ ہے دنیا کی سات ارب ویں بچی


ملئے ۔۔یہ ہے دنیا کی سات ارب ویں بچی
ملئے ۔۔یہ ہے دنیا کی سات ارب ویں بچی

ڈانیکا مے کماچو ۔۔یہ نام آج کی تاریخ کا نہایت اہم نام ہے۔ یہ وہ بچی ہے جسے علامتی طور پر دنیا کی ’سات ارب ویں بچی‘ کا خطاب دیا گیا ہے۔ موجودہ دنیا کو بہت پہلے اس بات کی آگاہی ہوچکی تھی کہ 31اکتوبر 2011ء کو دنیا کی آبادی سات ارب ہوجائے گی مگر یہ بات آخری لمحوں تک بھی کسی کو نہیں معلوم تھی کہ دنیا کے سات ارب ویں بچے کا خطاب کسے ملے گا اور وہ کہاں پیدا ہوگا۔

ایک انگریزی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب جب رات کے بارہ بجنے میں صرف2منٹ تھے ڈانیکا مے کماچو نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے ایک خاندان میں آنکھ کھولی۔ اس کی پیدائش پر جہاں اس کے ماں باپ اور دیگر اہل خانہ خوش تھے وہیں اس کی پیدائش پر دنیا کو کچھ فکر بھی تھی مثلاً یہ کہ اگر دنیا میں آبادی بڑھنے کی رفتار یہی رہی تو زمین کا مستقبل کیا ہوگا؟

ڈانیکا نے منیلا کے ایک ایسے سرکاری اسپتال میں آنکھ کھولی ہے جو لوگو ں سے کچھا کچھ بھرا تھا۔۔۔تاہم اس کا استقبال تحفے تحائف کے ساتھ ساتھ ایک بڑے سے چاکلیٹ کیک کے ساتھ ہوا جس پر لکھا تھا ”فلپائن میں7ارب ویں بچے کا استقبال“۔ اس موقع پر دنیا بھر کے فوٹوگرافرز موجود تھے انہوں نے جیسے ہی ڈانیکا کی ایک جھلک دیکھی ، اسے اپنے کیمروں میں ہمیشہ کے لئے محفوظ کرلیا۔ پورا کمرہ دیر تک فلیش لائٹس سے روشن رہا۔

ادھر ڈانیکا کا خیر مقدم کرنے کے لئے مقامی حکام بھی موجود تھے ، انہوں نے ننھی منی سی ڈانیکا کا استقبال اپنی اپنی خوب صورت تقریروں کے ساتھ کیا۔ چونکہ اس بات کا غالب خدشہ تھا کہ ہر روز ہزاروں بچوں کی پیدائش کی صورت میں سات ارب ویں بچے کی پیدائش کا اندازہ کیسے ہوگا لہذا اقوام متحدہ نے خاص طورپر اس چھوٹی سی تقریب کا اہتمام کیا۔

ڈانیکا نے منیلا کے جس اسپتال میں جنم لیا اس کا نام فیب ایلا میموریل اسپتال ہے ۔ ڈاکٹرز کے مطابق چونکہ اس نے قریب قریب بارہ بچے جنم لیا لہذا ڈانیکا کو ہی دنیا کی سات ارب ویں بچی تسلیم کیا جائے۔

ڈانیکا کی ماں کا نام Camille Galuraہے ۔ ڈانیکا کا پیدائش کے وقت ڈھائی کلو (ساڑھے پانچ پونڈ) وزن تھا۔ ڈانیکا کے دنیا میں آنے میں ابھی ایک ماہ کا وقت تھا لیکن وہ ایک ماہ پہلے ہی اس دنیا میں چلی آئی۔ گویا قدرت بھی اس بات کی خواہشمند ہو کہ ڈانیکا ہی دنیا کی سات ارب ویں بچی کہلائے۔

ڈانیکا اپنے ماں بات کی دوسری اولاد ہے ۔ فلورینٹ کماچو اس کے والد کا نام ہے جس کی آمدنی قلیل ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور ہے۔ وہ عیسائیوں کے کیتھولک فرقے سے تعلق رکھتا ہے ۔

XS
SM
MD
LG