رسائی کے لنکس

ڈرامہ سیریل ’عاشق حسین‘ کا نام تبدیل،’رنگ لاگا‘ نیا نام ہوگا


سیریل میں ٹی وی اداکار اور ہوسٹ فیصل قریشی کی والدہ کا کردار خود ان کی والدہ افشاں قریشی نے ادا کیا ہے، یوں ’رنگ لاگا‘ میں آپ ماں اور بیٹے کو ٹی وی اسکرین پر ایک ساتھ کام کرتے دیکھیں گے

اے آر وائی ڈیجیٹل سے عنقریب پیش کی جانے والی نئی ڈرامہ سیریل ’عاشق حسین‘ کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب یہ ڈرامہ ’رنگ لاگا‘ کے عنوان سے ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔

ڈرامے کی کاسٹ میں فیصل قریشی، صائمہ نور، نیلم منیر، زلمے سرحدی، صلاح الدین تنیو، افشاں قریشی، صبور علی، مومل خالد، عامر قریشی اور راعد عالم شامل ہیں۔

پبلک ریلیشن فرم ’پچ میڈیا‘ یا چینل انتظامیہ کی جانب سے نام تبدیل کرنے کی کوئی واضح وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ہے۔ تاہم، پی آر فرم کی ایک عہدیدار عنبر احمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’عاشق حسین ایک کریکٹر کا نام ہے جسے فیصل قریشی نے ادا کیا ہے۔ یہ کردار فیصل ہی کریں گے۔ تاہم، ڈرامے کا نام اب ’رنگ لاگا‘ ہوگا۔

ان کے مطابق، ’رنگ لاگا‘ کو انجم شہزاد نے ڈائریکٹ کیا ہے اور یہ رواں مہینے ہی آن ائیر ہوجائے گا۔

فرم کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق: ’عاشق حسین کا گیٹ اپ امید ہے سب کو پسند آئے گا۔ گیٹ اپ کی بڑی بڑی مونچھیں ہیں، اس کے بال بکھرے ہوئے رہتے ہیں، وہ شوق وچنچل رنگ کے کپڑے پہنتا ہے۔ مزاجاً دل پھینک ہے ۔جہاں خوب صورت چہرہ دیکھا ۔۔اس پر لٹو ہوجاتا ہے ۔۔۔‘

’مزاج کے ہاتھوں ’مجبور‘ ہوکر ہی وہ اب تک کئی شادیاں کرچکا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے جبکہ لطف کی بات یہ ہے کہ اس کی کوئی بھی بیوی یہ راز نہیں جانتی کہ عاشق حسین صرف عشق تک ہی محدود نہیں رہتے بلکہ اب تک کئی شادیاں کرچکے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ بہت ’جولی‘ کریکٹر ہے جس سے دیکھنے والے بہت محظوظ ہوں گے۔ ‘

ڈرامے میں فیصل کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی خاتون، افشاں قریشی، حقیقی زندگی میں بھی فیصل کی والدہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG