رسائی کے لنکس

فیصل قریشی اب بنیں گے۔۔’عاشق حسین‘


’عاشق حسین‘ بیوی اور چھ بچوں کے ساتھ عام سی زندگی گزار رہا ہے۔ وہ بہت دل پھینک ہے اور چھپ کر دوسری شادی کر چکا ہے۔ لیکن، جب یہ شادی منظر عام پر آتی ہے تو ایک ہنگامہ کھڑا ہو جاتا ہے۔ عاشق حسین اس سے کس طرح نمٹتا ہے، یہی اصل کہانی ہے

پاکستان کی چھوٹی اسکرین کے بڑے اداکار فیصل قریشی کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو کردار کو پوری طرح ڈوب کر ادا کرتے ہیں۔ خواہ اس کے لئے انہیں کتنے ہی روپ اختیار کیوں نہ کرنا پڑیں۔ اسی مقولے پر عمل کرتے ہوئے فیصل اب ایک نیا کردار ادا کرنے والے ہیں وہ بھی بالکل مختلف اور انتہائی دلچسپ گیٹ اپ میں۔

نئی ڈرامہ سیریل کا نام ہے ’عاشق حسین‘۔ یہ سیریل اے آر وائی ڈیجیٹل پر26 فروری سے پیش کی جائے گی۔

پبلسٹی فرم ’پچ میڈیا‘ نے وائس آف امریکہ کو سیریل سے متعلق تفصیلات میں بتایا کہ فیصل قریشی کی گذشتہ دنوں ختم ہونے والی سیریل ’بشرمومن‘ کے ’سوٹڈبوٹڈ‘ اور اسٹائلش ولن کے برعکس ’عاشق حسین‘ میں وہ بڑے’رنگ برنگے‘ کپڑوں اور مختلف ہیراسٹائل میں نظر آئیں گے۔

’عاشق حسین‘ دراصل نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والا ایک شخص ہے جو بیوی اور چھ بچوں کے ساتھ عام سی زندگی گزار رہا ہے۔ وہ بہت دل پھینک ہے اور چھپ کر دوسری شادی کر چکا ہے۔ لیکن، جب یہ شادی منظر عام پر آتی ہے تو ایک ہنگامہ کھڑا ہو جاتا ہے۔ عاشق حسین اس سے کس طرح نمٹتا ہے، یہی اصل کہانی ہے۔

فیصل کا کہنا ہے کہ ’عاشق حسین‘ ایک ہلکا پھلکا دلچسپ ڈرامہ ہے جس میں میرا کردار اس حوالے سے بالکل منفرد ہے کہ اسے میں نے اب تک کہ کیرئیر میں کبھی ادا نہیں کیا۔

’عاشق حسین‘ کی کاسٹ میں فیصل کے علاوہ نیلم منیر، فیصل کی والدہ افشاں قریشی، صائمہ اور ماہا شامل ہیں۔ اسے ڈائریکٹ کیا ہے انجم شہزاد نے جبکہ رائٹر ہیں ثنا فہد۔

XS
SM
MD
LG