رسائی کے لنکس

امریکہ کے مختلف شہروں میں محرم کے جلوس


اتوار کو امریکہ کے مختلف شہروں میں جعفریہ اسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے زیر اہتمام نکالے گئے عاشورہ کے جلوسوں میں عزاداران حسین نے شرکت کی، ان شہروں میں شکاگو، ہوسٹن، ورجنیا، میری لینڈ، کیلی فورنیا، مشی گن شامل ہیں

عاشورہٴمحرم کے سلسلے میں نیویارک اور امریکہ کے دیگر شہروں میں حسب روایت اس سال بھی ماتمی جلوس نکالے گئے اور ذاکرین نے امام حسین (علیہ السلام) کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اتوار کو امریکہ کے مختلف شہروں میں جعفریہ اسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے زیر اہتمام نکالے گئے عاشورہ کے جلوسوں میں عزاداران حسین نے شرکت کی، ان شہروں میں شکاگو، ہوسٹن، ورجنیا، میری لینڈ، کیلی فورنیا، مشی گن شامل ہیں۔

نیویارک کے مین ہٹن میں نکالے جانے والے جلوس میں نیوجرسی اور گرد و نواح سے بڑی تعداد میں عزاداران حسین نے شرکت کی۔

نیویارک سٹی میں ٹریفک کے اژدھام کی وجہ سےجلسے جلوسوں کی اجازت صرف اتوار کی تعطیلات کے دوران ہوتی ہے، جس کے لئے مقامی پولیس خصوصی انتظامات کرتی ہے۔

نیویارک میں اتوار کو نکالا جانے والا عاشورہ محرم کا یہ جلوس 49 ویں اسٹریٹ پارک ایونیو سے شروع ہوکر 65 اسٹریٹ پانچویں ایونیو پر پاکستانی قونصل خانے کے سامنے پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

من ہٹن کی شاہراہوں پر علم بردار عاشورہ محرم کے جلوس میں شامل عزادران حسین سینہ کوبی کرتے ہوئے پانچ گھنٹے میں پاکستانی قونصل خانے پہنچے۔ راستے میں معروف نوحہ خواں شاہد بلتستانی نوحہ خوانی کرتے رہے، جبکہ اختتام پر مجلس منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ذاکرین نے سید الشہدا امام عالی مقام امام حسین اور دیگر شہدائے کربلا کی عظیم الشان اور لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شرکا نے نماز ظہر کی ادائگی پارک ایونیو پر کی، جبکہ جلوس کے اختتام پر پاکستانی قونصل خانے کے سامنے نماز مغربین ادا کی۔

جلوس میں شامل عزادران حسین نے ہاتھوں میں علم، مقدس مقامات اور زیارت کی تشبیہات اٹھارکھی تھی۔ جلوس میں شبیہ ذوالجناح بھی برآمد ہوا۔ جلوس کی گزرگاہ کے اطراف پر موجود سینکڑوں امریکی شہریوں نے جلوس کو نہایت دلچسپی سے دیکھا۔

XS
SM
MD
LG