رسائی کے لنکس

پاکستان 2018ء میں 'ایشیا کپ فار ایمرجینگ پلیئرز' کی میزبانی کرے گا: سیٹھی


نجم سیٹھی نے یہ بات سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چئیرمین سماتھی پالا اور دونوں کپتانوں کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھینے کہا ہے کہ آئندہ سال پاکستان 'ایشیا کپ فار ایمرجینگ پلئیرز' کی میزبانی کرے گا؛ جس ٹورنامنٹ میں بھارت سمیت، چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

نجم سیٹھی نے یہ بات سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چئیرمین سماتھی پالا اور دونوں کپتانوں کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کرکٹ کے لئے ایک تاریخ ساز دن ہے۔ وہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور سری لنکن کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے شکرگذار ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ آئندہ سال اپریل میں ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہوگا۔

سماتھی پالا نے کہا کہ1996 میں پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تو اس وقت وہ سری لنکن بورڈ کے نائب صدر تھے۔ بقول اُن کے آج 1996 ورلڈ کپ فائنل کی یادیں تازہ ہو گئیں۔ ورلڈ کپ فائنل میں یوں محسوس ہوا جیسے پاکستان اور آسٹریلیا کا فائنل ہو رہا ہے۔

سری لنکن بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ لنکن قوم نے 30 سال تک دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور اس مشکل دور میں پاکستان نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔ سماتھی پالا نے کہا کہ لنکن کرکٹ بورڈ ہمیشہ ہی پاکستان آکر کھیلنے کو تیار تھا اور وہ پاکستان آکر بہت خوش ہیں۔

سماتھی پالا نے کہا کہ کرکٹ کے کمزور ہونے کا مطلب ایشین کرکٹ کا کمزور ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان آکر کھیلے۔

اس موقع پر سری لنکن کپتان تشارا پریرا نے کہا کہ وہ شاندار استقبال کرنے پر پاکستانی قوم کے شکر گذار ہیں، جبکہ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہ پاکستان آنے پر سری لنکن ٹیم کے شکر گذار ہیں؛ اور یہ کہ ''آج سے پاکستان میں کرکٹ کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے''۔

پی سی بی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز کے شڈول کا اعلان دو تین روز میں کر دیا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ انہوں نے دنیائے کرکٹ سے کہا ہے کہ وہ ان کے لئے 'ڈومور' کرے، جس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG