رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں ایشیا امن فلم میلے کا انعقاد


اب جب کہ کسی حد تک دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا ہے، پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اسی سلسلے میں رواں ہفتے اسلام آباد میں ایشیا امن فلم میلہ منعقد کیا۔

پاکستان میں دہشت گردی کی لہر نے اس ملک میں بسنے والوں کو محض جانی و مالی نقصان ہی نہیں پہنچایا بلکہ یہاں ثقافتی سرگرمیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا۔

اب جب کہ کسی حد تک دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا ہے، پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اسی سلسلے میں رواں ہفتے اسلام آباد میں ایشیا امن فلم میلہ منعقد کیا۔

اس امن فلم میلے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں بنجر ہو جانے والے شعبوں کو بحال کیا جا رہا ہے۔

’’یہاں کا ماحول اس سے پہلے سازگار نہیں تھا۔ اب پاکستان امن کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ہم نے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔ بڑی حد تک تو اس امن کے ساتھ اب مختلف میدان جو بنجر ہو گئے تھے وہ آباد ہو رہے ہیں۔‘‘

معروف فلم نقاد اعجاز گل کہتے ہیں کہ نہ صرف پاکستان کی فلمی صنعت کے لیے بلکہ خطے میں قیامِ امن کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے لیے بھی اس طرح کے فلمی میلے کی اشد ضرورت تھی۔

’’پاکستان میں بہت کم فلم فیسٹیولز ہوئے ہیں اور اس سطح کا فیسٹیول جہاں غیر ممالک کے وفود آئے ہوئے ہیں اور 100 سے زیادہ فلمیں چل رہی ہیں یہ ہمارے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔۔۔ فلم سازوں سے پوچھ کر ایسی فلمیں منتخب کی گئیں ہیں جن کا موضوع امن، آبادی، غربت، آلودگی، عورت اور بچے یہ ان کے موضوعات ہیں۔ یہ سب امن سے جڑے ہوئے ہیں۔‘‘

افغان فلم ڈائریکٹر ساحرہ کریمی نے بھی امن فلم میلے میں شرکت کی اور وہ پر اُمید نظر آئیں کہ اس طرح کی کاوش خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کا موقف سمجھنے اور اُنھیں قریب لانے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔

افغان فلم ڈائریکٹر ساحرہ کریمی
افغان فلم ڈائریکٹر ساحرہ کریمی

’’میرے خیال میں اس خطے، خاص طور پر جنوبی ایشیا کے لیے یہ بہت اہم ہے کیوں کہ پاکستان اور افغانستان کو تنازعات کا سامنا ہے۔۔ اس لیے امن اور اس موضوع کو سامنے لانا بہت اہم ہے۔۔۔ کہ ہم تنازع کے بغیر رہ سکتے ہیں اور ہم جنگ کے بغیر اکٹھے رہ سکتے ہیں۔‘‘

ایک طویل تعطل کے بعد پاکستان میں کوشش کی جا رہی ہے کہ فلم اور موسیقی سمیت ملک کی ثقافت کے رنگوں کو دوبارہ بحال کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا جائے کہ دہشت گردی کو پاکستان سے جوڑنا درست نہیں اور یہ کہ یہاں کے لوگ بھی امن چاہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG