رسائی کے لنکس

ایشین گیمز ہاکی، پاکستان اور جاپان میں سیمی فائنل ٹاکرا آج ہوگا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل ہفتے کو بھارت اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جارہا ہے اور اگر بھارت یہ میچ جیت جاتا ہے تو فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز 2018ء ہاکی ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

شام ساڑھے چھ بجے شروع ہونے والے میچ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گی۔ پاکستان اپنے پول میں پانچ ممالک کے خلاف پانچوں میچ جیت کر ابھی تک ناقابلِ شکست رہا ہے۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل ہفتے کو بھارت اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جارہا ہے اور اگر بھارت یہ میچ جیت جاتا ہے تو فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

گوکہ یہ دونوں ٹیمیں کرکٹ میں تو ایک دوسرے کی حریف سمجھی جاتی ہیں لیکن ہاکی میں بھی ان کا میچ بہت دلچسپی کا حامل ہوتا ہے۔

میچ کا مزہ دوبالا ہوتا دیکھنے کے منتظر شائقین دعاگو ہیں کہ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہی ہو تاہم اس کے لیے پاکستان کو جاپان سے آج شام ہونے والا میچ جیتنا لازمی ہے۔

فائنل جیتنے کی صورت میں ہی پاکستان ’ایشین گیمز 2018ء‘ کا پہلا گولڈ میڈل بھی جیت جاسکے گا۔

پاکستان، جاپان ہاکی میچز کا جائزہ

دونوں ٹیموں کے درمیان آج سے پہلے کھیلے گئے میچوں کا جائزہ لیں تو پاکستان کا پلہ بھاری نظر آتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں 15 مرتبہ ایک دوسرے کے مقابل آچکی ہیں جن میں سے 12 میچز پاکستان نے جیتے اور جو نہیں جیت سکا وہ تینوں میچ ڈرا ہوئے۔ یعنی جاپان ایک بھی میچ اب تک نہیں جیت سکا ہے۔

ایشین گیمز 2018ء میں فی الحال پاکستان تین کانسی کے تمغے ہی جیت سکا ہے جو اس نے کبڈی، کراٹے اور جیولین تھرو کے ایونٹس میں حاصل کیے۔

جیولن تھرو میں پاکستانی ایٹھلیٹ ارشد ندیم نے 80 اعشاریہ 75 میٹر دور نیزہ پھینک کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جب کہ کراٹے میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی نرگس حمید نے 68 کلو گرام سے زائد وزن کی کیٹیگری کے مقابلوں میں تمغہ حاصل کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG