رسائی کے لنکس

تھر: واٹر پلانٹ کا افتتاح، جہاں زندگی بوند بوند کو ترستی ہے


پلانٹ شمسی توانائی سے چلے گا اور یومیہ 20 لاکھ گیلن کھارے پانی کو میٹھا بنائے گا۔ اس منصوبے پر 94 کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ واٹر پلانٹ سے ناصرف مٹھی کے عوام کو پانی دستیاب ہوگا، بلکہ اسلام کوٹ اور نوکوٹ سمیت 80 سے زائد دیہات کو فائدہ پہنچے گا

پانی کی نایابی، ندارت، عدم دستیابی، قلت، دقت، بحران اور قحط جیسے جتنے بھی الفاظ ہوسکتے ہیں وہ تھر میں پانی کی تلاش پر پورا اترتے ہیں۔ یہاں بوند بوند زندگی ہے اور زندگی ہی بوند بوند کو ترستی ہے۔

آسمان سے برسنے والا پانی اس سرزمین سے اکثر خفا ہی رہتا ہے۔ اس لئے، سالوں بادل نہیں برستے۔ بیشتر کنویں پانی کے نام پر منہ چڑھاتے نظر آتے ہیں ۔۔ اور جو کہیں زیر زمین پانی نکل بھی آتا ہے تو وہ اتنا کڑوا اور زہریلا ہوچکا ہے کہ کچھ لوگ اسے چکھ لیں تو بھی اپنی زبان سے اس کا ذائقہ نہیں بتا پاتے۔

اس لئے، تھر کو ایک عرصے سے کھارے پانی کو میٹھا بنانے کی صلاحیت رکھنے والے واٹر پلانٹ کی ضرورت تھی۔ سندھ حکومت نے تھری باشندوں کی اس ضرورت کو پورا کرنے کا جتن مکمل کر دیا ہے۔

بدھ کو سابق صدر آصف علی زرداری نے تھر پارکر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز مٹھی میں، بقول حکام، ’ایشیا کے سب سے بڑے واٹر فلٹر پلانٹ‘ کا افتتاح کیا۔ اس پلانٹ کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ شمسی توانائی سے چلے گا اور یومیہ 20 لاکھ گیلن کھارے پانی کو میٹھا بنائے گا۔

حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق منصوبے پر 94 کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

واٹر پلانٹ سے ناصرف مٹھی کے عوام کو پانی دستیاب ہوگا، بلکہ اسلام کوٹ اور نوکوٹ سمیت 80 سے زائد دیہات کو فائدہ پہنچے گا۔

مٹھی کو پہلے ہفتے میں ایک بار آدھے گھنٹے کے لیے پانی فراہم کیا جاتا تھا۔ لیکن، اس منصوبے کی تکمیل سے انہیں بلا ناغہ پینے کا صاف پانی میسر ہوگا۔

بدھ کو ہونے والی فلٹر پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں سابق صدر کے علاوہ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور سابق صدر کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ اس سے قبل ضلع تھرپارکر کے پانچ تعلقوں میں 150ریزو واٹر فلٹر پلانٹس کی تنصیب کا اعلان کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تھر میں صاف پانی کے لئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کے لئے پانچ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ مٹھی میں بدھ سے شروع ہونے والا پلانٹ سندھ کول ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نصب کیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق، یہ ایشیاء کا سب سے بڑا واٹر فلٹر پلانٹ ہے۔

XS
SM
MD
LG