رسائی کے لنکس

اٹلی: نائٹ کلب میں بھگدڑ سے چھ افراد ہلاک، 50 زخمی


بھگدڑ کے بعد امدادی اہلکار زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
بھگدڑ کے بعد امدادی اہلکار زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔

واقعے میں پچاس سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 12 کی حالت تشویش ناک ہے۔

اٹلی کے ایک نائٹ کلب میں جاری کانسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ جمعے کی شب کورینالڈو نامی قصبے میں پیش آیا جو بحیرۂ ایڈریاٹک کے کنارے واقع ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین لڑکیاں، دو لڑکے اور ایک بڑی عمر کی خاتون شامل ہیں۔ واقعے میں پچاس سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 12 کی حالت تشویش ناک ہے۔

تاحال بھگدڑ کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ہے۔ اطالوی ذرائع ابلا غ میں آنے والی اطلاعات کے مطابق کانسرٹ کے دوران کسی نے مرچوں کا اسپرے کیا تھا جس سے بچنے کے لیے جب نوجوانوں کی بڑی تعداد نے ایک ساتھ نائٹ کلب سے نکلنے کی کوشش کی تو وہاں بھگدڑ مچ گئی۔

ایک نوجوان نے مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ بھگدڑ مچنے کے بعد اس نے کلب کے جس خارجی راستے سے باہر نکلنے کی کوشش کی وہ بند تھا۔

حکام نے کہا ہے کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا کلب کے تمام خارجی راستے کھلے تھے یا اس معاملے میں کلب انتظامیہ سے غفلت ہوئی ہے۔

تاحال یہ بھی واضح نہیں کہ کانسرٹ میں کتنے افراد شریک تھے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

XS
SM
MD
LG